لاہور کے لبرٹی چوک کی نئی شکل! ویڈیو دیکھ کر آپ حیران رہ جائیں گے

پنجاب سب کا ہے اور یہاں سب کو برابر کا احترام حاصل ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ٹوئٹ


ویب ڈیسک December 24, 2025

لاہور:

لاہور کے لبرٹی چوک  پر دلکش سجاوٹ کردی گئی ہے، جسے دیکھ کر آپ ’’باغوں کے شہر‘‘ کے حُسن  پر حیران رہ جائیں گے۔

صوبائی دارالحکومت کے اس مصروف ترین علاقے کو مسیحی برادری کے تہوار کرسمس کے حوالے سے اتنی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے کہ صارفین اسے سراہے بغیر رہ نہ سکے۔

لبرٹی چوک کی سجاوٹ سے متعلق اپنے ٹوئٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے ایک اہم پیغام دیا ہے۔ انہوں نے لاہور کے مصروف ترین علاقے لبرٹی چوک میں 42 فٹ بلند کرسمس ٹری کی تنصیب کو محبت، تنوع اور شمولیت کی علامت قرار دیا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ کرسمس ٹری اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پنجاب میں اقلیتیں نہ صرف محفوظ ہیں بلکہ انہیں عزت، قدر اور معاشرتی ڈھانچے کا لازمی حصہ سمجھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور یہ اقدام اسی سوچ کا مظہر ہے۔ پنجاب سب کا ہے اور یہاں ہر مذہب، ہر ثقافت اور ہر شہری کو برابر کا احترام حاصل ہے۔

دوسری جانب شہری حلقوں کی جانب سے لبرٹی چوک پر نصب کرسمس ٹری کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔ اسی طرح سوشل میڈیا صارفین بھی اس اقدام  کی تعریف کررہے ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ قدم نہ صرف اقلیتی برادری کے لیے حوصلہ افزا ہے بلکہ پاکستان کا مثبت اور پرامن چہرہ بھی اجاگر کرتا ہے۔

 

مقبول خبریں