13 برس تک جنسی تشدد سہنے والی خاتون برطانیہ کی ہیرو بن گئی

ایک لاپتا شخص کی لاش نکالنے کے دوران انہوں نے دو رضاکاروں کے ساتھ غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا


ویب ڈیسک December 24, 2025

برطانیہ میں ایک خاتون کو جن کے شوہر پر گزشتہ 13 برسوں کے دوران منشیات دے کر زیادتی کے سنگین الزامات ہیں، ایک لاپتا شخص کی لاش دریا سے نکالنے میں مدد دینے پر مقامی ہیرو قرار دیا گیا ہے۔

48 سالہ جوآن ینگ نے اپنی شناخت ظاہر کرنے کا فیصلہ اس وقت کیا جب ان کے سابق شوہر سمیت چھ افراد پر ان کے خلاف مجموعی طور پر 56 جنسی جرائم کے الزامات عائد کیے گئے۔ ان الزامات میں ریپ، جنسی تشدد اور دیگر سنگین جرائم شامل ہیں۔

جوآن ینگ کو ستمبر میں ولٹ شائر سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کے ساتھ رضاکارانہ خدمات انجام دینے پر چیف آفیسر کی جانب سے خصوصی اعزاز دیا گیا۔ جون میں دریائے ایون سے ایک لاپتا شخص کی لاش نکالنے کے دوران انہوں نے دو دیگر رضاکاروں کے ساتھ غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا۔

پولیس کے مطابق خصوصی غوطہ خور ٹیم کو لاش نکالنے میں کئی گھنٹے لگ سکتے تھے، تاہم جوآن ینگ اور ان کے ساتھیوں نے خود کارروائی کرتے ہوئے لاش کو دریا سے نکالا۔

جوآن کے سابق شوہر فلپ ینگ پر 2010 سے 2023 کے دوران اپنی بیوی کو نشہ آور اشیاء دے کر جنسی زیادتی، فحش مواد رکھنے اور بچوں کی نازیبا تصاویر رکھنے کے الزامات ہیں۔ دیگر پانچ ملزمان پر بھی مختلف نوعیت کے جنسی جرائم کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

تمام ملزمان کو مشروط ضمانت دے دی گئی ہے جبکہ مرکزی ملزم فلپ ینگ کو حراست میں رکھا گیا ہے۔ تمام افراد جنوری میں سوِنڈن کراؤن کورٹ میں پیش ہوں گے۔ متاثرہ خاتون کو پولیس کی خصوصی ٹیم کی جانب سے مکمل تحفظ اور معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

مقبول خبریں