چکوال میں ہزاروں کنال زمین کے وارث بہن بھائی کو غیر قانونی طور حویلی میں بھوکا قید رکھنے اوربھوک سے گریجویٹ خاتون کی موت کے انسانیت سوز واقع پر عدالت نے فیصلہ سنا دیا۔
چکوال میں 955 کنال کے اکیلے وارث حسن رضا اور جبین بی بی کو حویلی میں بھوکا قید رکھنے کے انسانیت سوز واقع پر ایکسپریس نیوز کی کوریج رنگ لے آئی۔
چکوال کی مقامی عدالت نے مرکزی ملزم کو قید اور جرمانہ کی سزا سنا دی۔
ایکسپریس نیوز نے اس سال فروری کے مہینے میں گمنام خط پر چکوال کے تھانہ نیلہ میں درج ہونے والے مقدمہ پر بھرپور رپورٹنگ کی۔
واقعے کے مطابق حسن رضا اور اس کی بہن جبین بی بی کروڑوں روپے مالیت زمین کے اکیلے وارث تھے، زمین ہتھیانے کے لیے چچا زاد نے دونوں کو حویلی میں غیر قانونی طور پر قید کیا اور اس دوران گریجویٹ جبین بی بی کی موت بھائی کے سامنے بھوک کی وجہ سے ہوئی۔
بہن کی آنکھوں کے سامنے بلک بلک کر موت پر متوفیہ کا بھائی حسن رضا شدید زہنی دباو کا شکار ہوا۔
ایکسپریس نیوز نے اس معاملے کو حکومتی ایوانوں تک پہنچایا، خصوصی کوریج سے چکوال پولیس حرکت میں آئی مرکزی ملزم عنصر عباس، محمد شکیل، محمد اشرف، توصیف رضا اور 6 خواتین کو گرفتار کیا۔
ملزمان کی گرفتاری کے بعد اس مقدمے کا 8 مہینے ٹرائل چلا، عدالت نے انسانیت سوز تشدد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے، 6 خواتین سمیت 9 افرادکو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا۔
جج نے مرکزی کردار عنصر عباس کو بہن بھائی کو قید رکھنے کے جرم میں 3 سال قید بامشقت، 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
اس کے علاوہ بجرم 491 کے تحت مجرم کو 3 ماہ قید 5 ہزار جرمانہ کی سزا سنائی، اور بجرم 322 کے تحت مجرم کو 98 لاکھ، 28 ہزار 670 روپے دیت کی رقم جبین بی بی کے ورثاء کو ادا کرنے کا حکم دیا۔
مجرم کو عدالت سے گرفتار کرکے ڈسٹرکٹ جیل جہلم منتقل کردیا۔