قائد اعظم کی مثالی قیادت اور ثابت قدمی چلینجز سے نمٹنے میں رہنمائی فراہم کرتی ہے، مسلح افواج

تینوں مسلح افواج کا قائد اعظم کو زبردست خراج تحسین، مسیحوں کو بھی کرسمس کی مبارک باد


ویب ڈیسک December 24, 2025
فوٹو فائل

مسلح افواج کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ قائد اعظم کی مثالی قیادت، آئین سرپرستی اور ثابت قدمی چلینجز سے نمٹنے کیلیے رہنمائی فراہم کرتی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے پرمسرت موقع پر فیلڈ مارشل، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف نوید اشرف، ایئرچیف اور چیف آف ایئر اسٹاف سمیت تین مسلح افواج نے بابائے قوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج قائداعظم کے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں پر مبنی مضبوط، خودمختار، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قائداعظم کی مثالی قیادت، آئین پر چلنا اور ثابت قدم عزم، عصر حاضر کے چیلنجوں سے نمٹنے میں قوم اور اس کی مسلح افواج کی رہنمائی کرتا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ اور قائداعظم کے نظریات اور امنگوں کے مطابق قومی استحکام، امن اور ترقی کے لیے دل و جان سے کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے علامیے میں مسلح افواج کی جانب سے پاکستان کی مسیحی برادری کو بھی کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک کی ترقی میں ان کی گرانقدر خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اور تمام شہریوں کے لیے مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور ہم آہنگی کے قائداعظم کے وژن کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج قائداعظم محمد علی جناح کی وراثت کو برقرار رکھنے اور قوم کی غیرت، حوصلے اور لگن کے ساتھ خدمت کرنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں۔

مقبول خبریں