یوکرینی صدر نے ٹرمپ سے 50 برس کی امریکی سیکیورٹی گارنٹی مانگ لی

صدر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ موجودہ معاہدوں میں 15 سال کی سیکیورٹی ضمانتیں شامل ہیں


ویب ڈیسک December 29, 2025

یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرین امریکا سے 30 سے 50 سال تک کے لیے طویل المدتی سیکیورٹی ضمانتیں چاہتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بات چیت ہو چکی ہے اور ٹرمپ نے اس تجویز پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یورپی خبر رساں ادارے یورپین پراودا کے مطابق صدر زیلنسکی نے یورپ واپسی کے دوران ایک آن لائن پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکا اور یوکرین کے درمیان ہونے والی بات چیت میں اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ امریکا یوکرین کو مضبوط سیکیورٹی ضمانتیں فراہم کرے گا۔

صدر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ موجودہ معاہدوں میں 15 سال کی سیکیورٹی ضمانتیں شامل ہیں، جنہیں آگے بڑھانے کی گنجائش رکھی گئی ہے، تاہم یوکرین کی خواہش ہے کہ یہ مدت مزید طویل ہو۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین اس وقت بھی جنگ کی حالت میں ہے اور یہ تنازع تقریباً 15 سال سے مختلف شکلوں میں جاری ہے، اسی لیے یوکرین چاہتا ہے کہ سیکیورٹی ضمانتیں 30، 40 یا حتیٰ کہ 50 سال کے لیے دی جائیں۔

زیلنسکی کے مطابق انہوں نے یہ بات براہِ راست صدر ٹرمپ کے سامنے رکھی، جس پر امریکی صدر نے کہا کہ وہ اس تجویز پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔ زیلنسکی نے کہا کہ اگر ایسا فیصلہ ہوا تو یہ امریکا کی جانب سے ایک تاریخی قدم ہوگا۔

مقبول خبریں