کیلے کو ایک ماہ تک تازہ کس طرح رکھا جاسکتا ہے؟ آسان طریقہ جانیے

ایک سادہ سے گھریلو ٹوٹکے کے ذریعے کیلے کو زیادہ عرصے تک تازہ رکھنا ممکن ہے


ویب ڈیسک December 29, 2025

اگر آپ بھی اس شکایت سے دوچار ہیں کہ پکے ہوئے کیلے چند دن میں نرم ہو کر سیاہ پڑ جاتے ہیں تو اب پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ ماہرین کے مطابق ایک سادہ سا گھریلو طریقہ کیلے کو کئی ہفتوں تک تازہ اور مضبوط رکھ سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ نمک والے پانی سے کیلوں کو دھونے سے وہ زیادہ دیر تک تازہ رہتے ہیں۔ سب سے پہلے ایک صاف برتن میں پانی لیں اور اس میں ایک کھانے کا چمچ نمک شامل کریں۔ اب کیلے کے پورے گچھے کو اس پانی میں ڈبو دیں، چھلکے کو ہلکے ہاتھ سے صاف کریں اور خاص طور پر ڈنڈی والے حصے کو اچھی طرح دھوئیں۔ اس کے بعد کیلے نکال کر تولیے سے مکمل طور پر خشک کرلیں۔

خشک کرنا اس لیے ضروری ہے کیونکہ نمی رہ جانے سے کیلے پر پھپھوندی لگ سکتی ہے۔ مکمل طور پر خشک ہونے کے بعد کیلے کسی ٹھنڈی اور ہوا دار جگہ پر رکھ دیں۔

ماہرین کے مطابق نمک والے پانی کا یہ طریقہ تین طرح سے کام کرتا ہے۔
اول، یہ کیلے کے چھلکے پر موجود بیکٹیریا اور فنگس کو کم کرتا ہے، کیونکہ نمک میں ہلکی اینٹی سیپٹک خصوصیات ہوتی ہیں۔

دوم، نمک ان انزائمز کی رفتار سست کر دیتا ہے جو کیلے کو جلد پکاتے ہیں اور ایتھیلین گیس کے اخراج کو کم کرتا ہے، یہی گیس پھل کو جلد خراب کرتی ہے۔

سوم، ڈنڈی والے حصے کو نمکین پانی سے دھونے سے چھلکا نمی برقرار رکھتا ہے، جس سے جھریاں اور کالا پن کم ہو جاتا ہے۔

اگر آپ مزید بہتر نتائج چاہتے ہیں تو چند اضافی طریقے بھی آزما سکتے ہیں۔ کیلے کی ڈنڈی کو پلاسٹک ریپ یا ایلومینیم فوائل سے لپیٹنے سے ایتھیلین گیس کا پھیلاؤ رک جاتا ہے اور پکنے کا عمل سست ہو جاتا ہے۔ اسی طرح کیلے کو لٹکا کر رکھنا بھی فائدہ مند ہے، کیونکہ میز پر رکھنے سے نیچے والے کیلے وزن کی وجہ سے دب جاتے ہیں، جبکہ لٹکانے سے ہوا کا گزر بہتر رہتا ہے۔

ماہرین یہ بھی مشورہ دیتے ہیں کہ کیلے کو سیب، ایووکاڈو اور ٹماٹر سے دور رکھا جائے، کیونکہ یہ پھل زیادہ مقدار میں ایتھیلین گیس خارج کرتے ہیں، جس سے کیلے بہت تیزی سے زیادہ پک جاتے ہیں۔

یوں ایک سادہ سا نمکین پانی کا استعمال آپ کے کیلے نہ صرف زیادہ عرصے تک تازہ رکھ سکتا ہے بلکہ روزمرہ کے کھانے کا ضیاع بھی کم کر سکتا ہے۔

مقبول خبریں