گڈاپ سٹی میں ٹریفک حادثہ میں بچی سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 بچیوں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
ٹریفک حادثہ ہائی ایس وین اور ٹرالر کے درمیان ہوا۔ گڈاپ سٹی کے ہیڈر محرر غلام عمیر نے بتایا کہ گڈاپ سٹی تھانہ کی حدود میں کراچی سے حیدرآباد جانے والے روڈ نزد کاٹھوڑ پل ملک اقبال ہوٹل ایم نائن موٹروے پر ہائی ایکس وین اور ٹرالر کے درمیان تصادم ہوگیا۔
حادثہ میں بچی سمیت 2 افراد جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 9 سالہ ناہید دختر محمد نوید اور 55 سالہ خلیل احمد ولد فرحان احمد کے ناموں سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں7 سالہ نوشین دختر محمد نوید، 20 سالہ حسن ولد غلام مصطفیٰ، 55 سالہ محمد داؤد ولد تاج ، 7 سالہ مریم دختر محمد احمد اور 26 سالہ امبرین زوجہ عادل اعوان شامل ہیں۔
ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ساؤتھ زون کراچی کے مطابق موٹروے ایم-9 پر کاٹھور کے قریب ٹریفک حادثہ میں ہائی ایس وین نے پیچھے سے ٹریلر کو ٹکر ماری۔ حادثہ وین ڈرائیور کی غفلت و لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔
حادثہ میں زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیاگیا۔ حادثے کے بعد دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور موقع سے فرار ہو گئے۔ موٹروے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑیاں سڑک سے ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی ہے۔