افغانستان؛ طالبان نے موسیقی کے سیکڑوں آلات ضبط کرکے نذرِ آتش کر دیئے

طالبان کی وزارت امر بالمعروف و نہی عن المنکر نے دکانوں اور گھروں سے موسیقی کے آلات ضبط کرلیے


ویب ڈیسک December 31, 2025
طالبان حکام نے موسیقی کے آلات کو نذرآتش کردیا

افغانستان کے صوبے ننگرہار میں طالبان نے غیر اخلاقی سرگرمیوں کے خلاف آپریشن کے دوران موسیقی کے آلات ضبط کر کے انھیں جلادیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق یہ بات ننگرہار کے گورنر آفس کی جانب سے جاری بیان میں بتائی گئی جس میں کہا گیا کہ یہ کارروائی امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی وزارت کے اہلکاروں نے کی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جلال آباد شہر میں کارروائی کرتے ہوئے 86 موسیقی کے آلات ضبط کیے گئے اور پھر ان آلات کو ایک مشترکہ کمیٹی کی موجودگی میں جلادیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدامات معاشرے میں غیر اخلاقی سرگرمیوں کی روک تھام اور مذہبی اصولوں کی پاسداری کے لیے کیے جا رہے ہیں جو آئندہ بھی جاری رہیں گے۔

طالبان حکام کا کہنا ہے کہ موسیقی اور اس سے متعلقہ دیگر سرگرمیاں نوجوانوں اور معاشرے کو گمراہ کر سکتی ہیں اس لیے ایسے اقدامات ضروری ہیں۔

دریں اثنا شمال مشرقی صوبے تخار میں بھی طالبان نے ایک نجی تقریب میں موسیقی بجانے کے الزام میں کم از کم 25 افراد کو حراست میں لے لیا۔

طالبان حکام نے بتایا کہ یہ گرفتاریاں مذہبی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے کے جرم میں کی گئیں۔ اسلام اور افغان ثقافت میں موسیقی کی گنجائش نہیں۔

یاد رہے کہ اگست 2021 میں اقتدار میں واپسی کے بعد سے ہی طالبان نے ملک میں موسیقی پر سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

ریڈیو اور ٹیلی ویژن نشریات سمیت سماجی تقریبات، شادیوں، تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر موسیقی پر مکمل پابندی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ افغانستان سے متعدد گلوکار، موسیقار اور آلات موسیقی بجانے والے اپنی جانوں کے تحفظ اور روزگار کے لیے بیرون ملک منتقل ہوچکے ہیں۔

 

مقبول خبریں