یاسمین راشد کا این اے 130 ٹریبونل فیصلے کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ

لاہور کے الیکشن ٹریبونل نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی نواز شریف کے خلاف دائر الیکشن پٹیشن کو ناقابلِ سماعت قرار دیا تھا


ویب ڈیسک January 01, 2026

پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے این اے 130 سے متعلق الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یاسمین راشد نے اس سلسلے میں جیل میں اپنی لیگل ٹیم سے مکمل مشاورت کی ہے، جس کے بعد آئندہ قانونی حکمت عملی طے کی گئی اور ٹریبونل کے فیصلے کو چیلنج کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے وکیل رانا مدثر عمر کو ہدایت دی ہے کہ لاہور کے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو فوری طور پر عدالت میں چیلنج کیا جائے۔ وکیل رانا مدثر عمر نے تصدیق کی ہے کہ یاسمین راشد نے این اے 130 سے متعلق فیصلے کو بلا تاخیر عدالت میں لے جانے کی ہدایت کی ہے تاکہ قانونی حق کا تحفظ کیا جا سکے۔

رانا مدثر عمر نے بتایا کہ ٹریبونل کے فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی کے لیے باقاعدہ طور پر اپلائی کر دیا گیا ہے۔ جیسے ہی فیصلے کی مصدقہ کاپی موصول ہوگی، متعلقہ عدالت میں پٹیشن دائر کر دی جائے گی، تاکہ قانونی تقاضوں کے مطابق کیس کو آگے بڑھایا جا سکے۔

یاسمین راشد کے وکیل کا کہنا ہے کہ الیکشن ٹریبونل نے کیس میں حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا اور تکنیکی بنیادوں پر ڈاکٹر یاسمین راشد کی الیکشن پٹیشن مسترد کر دی گئی۔

واضح رہے کہ لاہور کے الیکشن ٹریبونل نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی نواز شریف کے خلاف دائر الیکشن پٹیشن کو ناقابلِ سماعت قرار دیا تھا۔

مقبول خبریں