لاہور:
شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ٹو لاہور سے بالکسر تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن کے مطابق لاہور۔سیالکوٹ موٹروے ایم الیون، لاہور ایسٹرن بائی پاس، لاہور۔ملتان موٹروے ایم تھری، پنڈی بھٹیاں۔ملتان موٹروے ایم فور اور سکھر۔ملتان موٹروے ایم فائیو کو بھی دھند کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمد نے بتایا کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے کیونکہ دھند میں لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا باعث بن سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی شاہرات پر بہاولپور، احمد پور شرقیہ، ترنڈہ محمد پناہ جبکہ اقبال آباد، رحیم یار خان اور صادق آباد کے علاقوں میں بھی شدید دھند چھائی ہوئی ہے جہاں حدِ نگاہ 0 سے 100 میٹر تک ریکارڈ کی گئی ہے۔
موٹروے پولیس نے روڈ یوزرز کو سختی سے لین ڈسپلن پر عمل کرنے، غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے اور دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان کے مطابق دھند کے دوران صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کا وقت نسبتاً محفوظ سفری اوقات ہے۔
ڈرائیور حضرات کو فوگ لائٹس لازمی استعمال کرنے، تیز رفتاری سے گریز کرنے اور آگے چلنے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے کی تلقین کی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کسی بھی قسم کی رہنمائی اور مدد کے لیے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔