نعمت اللہ خان، عبدالستار افغانی اور مصطفی کمال فوجی آمر دور کے میئر تھے، مرتضیٰ وہاب

سہیل آفریدی کو کراچی میں ویلکم کریں گے، برگر کھلائیں گے اور اجرک بھی پہنائیں گے، میئر کراچی


ویب ڈیسک January 03, 2026

کراچی:

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ نعمت اللہ خان، عبدالستار افغانی اور مصطفی کمال فوجی آمر دور میں شہر قائد کے میئر رہے ہیں۔

اولڈ سٹی ایریا، رنچھوڑ لائن تاریخی حسن علی ہوتی مارکیٹ کی تزئین و آرائش اور بحالی کے بعد باقاعدہ افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حسن علی ہوتی مارکیٹ کراچی کی قدیم تجارتی پہچان ہے جسے اس کے اصل تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے جدید سہولیات کے ساتھ بحال کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قدیم ورثے کی بحالی شہری ترقی کا اہم حصہ ہے اور یہی وژن اس منصوبے میں جھلکتا ہے۔ حسن علی ہوتی مارکیٹ کی بحالی سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ تاجر برادری کو بہتر سہولیات بھی میسر آئیں گی۔ تاریخی بازاروں کی بحالی سے کراچی کی خوبصورتی اور شناخت میں اضافہ ہوگا۔ شہر میں ایسے مزید منصوبے شروع کیے جائیں گے تاکہ تجارتی اور ثقافتی ورثہ محفوظ رہے۔

میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی ایک پبلک نمائندہ ہیں، کراچی آمد پر کے ایم سی انہیں خوش آمدید کہے گی۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ آفریدی صاحب آئیں گے تو حسن علی ہوتی مارکیٹ میں برگر کھلائیں گے اور انہیں اجرک بھی پہنائیں گے۔

میئر کراچی نے ماضی کے میئرز سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ نعمت اللہ خان، عبد الستار افغانی اور مصطفیٰ کمال فوجی آمر کے دور کے میئرز تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کے ایم سی کے وسائل میں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث تاریخی مارکیٹوں کی بحالی ممکن ہو رہی ہے۔ شہر میں پانی کے مسائل کے حل کے لیے کے فور منصوبے، حب کینال اور دیگر اسکیموں پر کام جاری ہے۔ نئی بسیں بھی کراچی آ رہی ہیں۔ آئندہ ڈیڑھ سال میں ترقیاتی کام واضح طور پر نظر آئیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

مقبول خبریں