لکی مروت میں پولیس کا کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، 3 خارجی جہنم واصل

ہلاک دہشت گردوں سے ایک کلاشنکوف، دو 9 ایم ایم پستول، دو موبائل فونز اور 3 کالعدم تنظیم کے کارڈز برآمد ہوئے


ویب ڈیسک January 04, 2026

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات پر صوبہ خیبرپختونخوا سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے تمام اضلاع میں ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے جس کے تسلسل میں آج لکی مروت کے تھانہ نورنگ کے علاقے پردل بیگوخیل میں ایک ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا گیا جس میں پولیس، ایف سی اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث 3 خطرناک دہشتگرد ٹارگٹ کلرز کو جہنم واصل کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشتگری کو اطلاع ملی کہ انتہائی مطلوب دہشتگرد سرائے نورنگ کی حدود میں داخل ہو کر خطرناک کارروائی کا ارادہ رکھتے ہیں جس پر سی ٹی ڈی بنوں کی  اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیمز اور مقامی پولیس  لکی مروت نے نہایت حکمت عملی سے کارروائی کرتے ہوئے  پردل بیگوخیل روڈ  نزد  سبزی منڈی سرائے نورنگ ضلع لکی مروت پر دہشتگردوں کو نرغے میں لیا۔

دہشتگردوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ کی، تاہم سی ٹی ڈی بنوں  اور لکی مروت  پولیس کے دلیر جوانوں نے بزدل دہشتگردوں کو بھاگنے کا موقع دیے بغیر ٹھکانے لگایا جس کے بعد سرچ آپریشن میں لاشوں کی شناخت کی گئی۔

ہلاک دہشت انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلرز محمد نزیر عرف مجاہد، فواد اللہ  عرف معاذ اور افنان خان عرف افنانی  ہیں جو پولیس اہلکاران  زارم خان ، حفیظ اللہ، وحید نواب، عارف اللہ  اور حبیب اللہ سمیت ایف سی اہلکاروں زین اللہ ،   کلرک معراج الدین  اور ریٹائرڈ لانس نائیک  حبیب اللہ   کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، ہلاک دہشت گردوں سے ایک کلاشنکوف، دو 9 ایم ایم پستول، دو موبائل فونز اور 3 کالعدم تنظیم کے کارڈز برآمد ہوئے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے خطرناک ٹارگٹ کلرز کو کامیاب کارروائی کے دوران جہنم واصل کرنے پر سی ٹی ڈی ٹیمز اور مقامی پولیس کو شاباش دی ہے۔

 انہوں نے کہا ہے کہ عام شہریوں اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کرنے والے خارجی دہشتگردوں سے صوبے کو پاک کرنے تک ہماری جدو جہد جاری رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے ٹارگٹڈ آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا تا کہ امن و امان کا قیام یقینی بنایا جا سکے۔

مقبول خبریں