CARACAS, VENEZUELA:
وینزویلا نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز امریکی حملے میں فوجیوں سمیت 40 افراد ہلاک ہوئے
ایک سینئر عہدیدار کے مطابق ہفتے کی صبح سویرے کیے گئے ان حملوں میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہوئے، جن میں فوجی اہلکاروں کے علاوہ عام شہری بھی شامل ہیں۔
امریکی حملوں میں کاراکاس کے فوجی اڈوں اور دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جس سے شہر میں دھماکوں کی آوازیں گونجیں اور بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی۔
امریکی فورسز نے وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس پر ایک بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن میں صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس کو گرفتار کر لیا، جنہیں نیویارک منتقل کر دیا گیا جہاں ان پر منشیات کی اسمگلنگ اور ہتھیاروں سے متعلق الزامات عائد کیے جائیں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز کو انٹرویو میں تصدیق کی کہ آپریشن کے دوران کوئی امریکی فوجی ہلاک نہیں ہوا، تاہم کچھ زخمی ضرور ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ ہیلی کاپٹروں کا استعمال کرتے ہوئے خصوصی دستوں نے مادورو کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا، جہاں ایک ہیلی کاپٹر کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا مگر وہ پرواز کے قابل رہا اور تمام امریکی افواج بحفاظت واپس لوٹ آئیں۔
جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ یہ کارروائی مادورو اور ان کی بیوی کو زندہ پکڑنے کے لیے تھی، جس میں 150 سے زائد امریکی طیاروں نے وینزویلا کی فضائی دفاع کو غیر موثر بنایا۔
روسی ذرائع ابلاغ نے بھی رپورٹ کیا کہ حملوں میں دفاعی ہیڈکوارٹرز کو نقصان پہنچا۔