چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آ فریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان (سندھ ہائی کورٹ) کا اجلاس سپریم کورٹ آف پاکستان میں منعقد ہوا، جس میں سندھ ہائی کورٹ کے ایڈیشنل ججز کی مستقل تقرری، آئینی بنچز کی تشکیل نو اور ان کی مدت میں توسیع سے متعلق معاملات پر غور کیا گیا۔
جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے اپنے کل ارکان کی اکثریت سے متعلقہ ڈیٹا فارمز، کردار و پس منظر (Antecedents) اور دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد سندھ ہائی کورٹ کے جن ایڈیشنل ججز کی بطور مستقل ججز توثیق کی سفارش کی۔
ان میں جسٹس میران محمد شاہ، جسٹس تسنیم سلطانہ ،جسٹس ریاضت علی سحر،جسٹس محمد حسن، جسٹس عبد الحمید بھرگی، جسٹس جان علی جونیجو، جسٹس نثار احمد بھنبھرو، جسٹس علی حیدر ادا، جسٹس محمد عثمان علی ہادی، جسٹس محمد جعفر رضا شامل ہیں۔
سندھ ہائی کورٹ کے ایڈیشنل ججز جسٹس خالد حسین شاہانی اور جسٹس سید فیاض الحسن شاہ کو 6 ماہ کی توسیع دینے کی سفارش کی گئی۔
اسی طرح جوڈیشل کمیشن نے اکثریتی فیصلے کے ذریعے سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بنچز کے لئے ججز نامزد کرنے کے ساتھ ساتھ آئینی بنچز کی مدت میں بھی 6 ماہ کی توسیع کی منظوری دی۔
آئینی بنچز کے لئے نامزد ججز میں جسٹس امجد علی بوہیو،جسٹس محمد حسن (اکبر)،جسٹس محمد عثمان علی ہادی شامل ہیں۔