صدر کے دستخط کے بغیر آرڈیننس کے اجراء سے حکومتی مکاری عیاں ہوگئی، جے یو آئی

مدارس کی آزادی اور خودمختاری ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، مدارس پر دباؤ بیرونی ایجنڈا ہے جسے مسترد کرتے ہیں،فضل الرحمان


ویب ڈیسک January 13, 2026
(فوٹو: فائل)

لاہور:

جمعیت علمائے اسلام نے کہا ہے کہ مدارس کی آزادی اور خودمختاری ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، صدر کے دستخط کے بغیر آرڈیننس کے اجراء سے حکومتی عیاری عیاں ہوگئی۔

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن نے جنرل سیکریٹری جے یو آئی لاہور حافظ عبدالرحمن سے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں مولانا فاضل عثمانی، مولانا مقصود الوری، حافظ زین العابدین، سلمان عارف، محمد شاہد و دیگر جماعتی ذمہ داران موجود تھے۔

مولانا فضل الرحمن نے پارٹی رہنماء قاری محمد طاہر کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مدارس کی آزادی اور خودمختاری ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، مدارس پر دباؤ بیرونی ایجنڈا ہے جسے مسترد کرتے ہیں، حکمران دینی اداروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھیں۔

دریں اثنا ترجمان جے یو آئی نے کہا ہے کہ صدر کے دستخط کے بغیر آرڈیننس کے اجراء سے حکومتی عیاری عیاں ہو گئی، صدر مملکت کے آفس، پارلیمنٹ، سیاست دانوں اور جمہوریت کی توہین کی گئی، جمہوریت کے ٹھیکے داروں نے آئین اور جمہوریت کو مذاق بنا دیا۔

ترجمان نے کہا کہ حکمرانوں نے چند روزہ اقتدار کے لئے آئین، اقدار اور جمہوریت کو زندہ درگور کردیا، شاید مستقبل میں آرڈیننس، ترامیم کے لیے پارلیمنٹ، دستخطوں کا تکلف ہی نہ کرنا پڑے۔

ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ جعلی اور جبری طریقے سے دی گئی اکثریت میں ایسا ہی ہوتا ہے، ن لیگ اور پی پی کے  اقتدار کے شوق کی قیمت ہمیشہ عوام نے چکائی، حکومتی کارنامے ثابت کررہے ہیں کہ حکمران اپنی نوکری بچانے کی راہ پر گامزن ہیں، عوام کی کوئی فکر نہیں ، پارلیمنٹ کسی آرڈیننس فیکٹری کا منظر پیش کررہی ہے۔

مقبول خبریں