راولپنڈی:
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ عوام بانی پی ٹی آئی کے بارے میں سننا چاہتے ہیں اور ہم ان کی رہائی کے لیے جو کرنا پڑا وہ کریں کوئی ہمیں نہیں روک سکتا ہے۔
فیکٹری ناکہ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ سہیل آفریدی پاکستان کا مستقبل ہے یہ نئی سیاست ہے اور پرانی سیاست جوان لوگوں نے دفن کر دی ہے، نئی جنریشن کو دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دھوکا تھا کہ کراچی میں بہت خوف ہے،کراچی میں بالکل خوف نہیں ہے، چھوٹے سے چھوٹا افسر کراچی میں بلٹ پروف گاڑی کے بغیر چلتا نہیں ہے لیکن سہیل آفریدی نے گاڑی کے اوپر بیٹھ کر سارا وقت گزارا اس کا مطلب ہے کراچی کے لوگ پرامن لوگ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کراچی کے خوف کے بت توڑ کر آئے ہیں وہ چھوٹی موٹی بات نہیں کر کے آئے، اس قسم کے دلیر نوجوان ہمارے پاکستان کے سیاست دان ہوں گے، پی ٹی آئی کے چیئرمین بانی ہیں، انہوں نے جو چیزیں بھیجیں وہ ایکس پر موجود ہیں۔
علیمہ خان نے بتایا کہ ہم بھی بانی کا پیغام لے کر آئے اور ایکس پر ڈالا، سارے پاکستانی اسی کو پڑھتے ہیں، سارا پاکستان اس وقت سیاست دان ہے، ہر پاکستانی یہ جاننا چاہتا ہے کہ ہمارے جج کون ہیں اور ہمارے سیاست دان کون ہیں اور وہ ملک کے لیے کیا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان بن چکا ہے، عوام فیصلہ کرتے ہیں کہ کس سمت میں جانا ہے، مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کا کیا سسٹم ہے، وہ کمپنیاں ہیں اور ان کی شیئر ہولڈنگ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ اس لیے کھڑے ہیں کہ آپ کو پتا ہے کہ عوام بانی پی ٹی آئی کے بارے میں سننا چاہتے ہیں، ان کی رہائی کے لیے جو کرنا پڑا وہ ہم کریں گے، ہمیں کوئی روک نہیں سکتا۔
علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی ہدایات بھیجتے ہیں کہ سلمان اکرم راجا کو یہ ہدایات دیں یا عوام کے سامنے بیان کر دو، ہم عدالت میں کھڑے تھے تو ادھر بھی خفیہ ادارے کا بندہ کھڑا تھا۔
صحافی نے علیمہ خان سے مکالمہ کرتے ہوئے پوچھا کہ آپ کی گرفتاری نہیں ہو رہی تھی تب بھی یہی کنفوژن تھی کہ آپ کے ساتھ طاقت ور لوگ ہیں، آپ نے وزیر اعلیٰ کو تبدیل کروا دیا، جس پر علیمہ خان نے استفسار کیا کہ آپ کو کس نے کہا کہ میں نے انہیں تبدیل کروایا۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا آپ سب انتظار نہیں کرتے کہ بانی کیا ڈائریکشن دیں گے، آپ کیا بتانا چاہتے ہیں کہ بانی سوچ نہیں سکتے فیصلہ نہیں کرسکتے، وہ بڑے مضبوط انسان ہیں، پاکستاں میں لوگ سیاست کم سمجھتے ہیں اور باقی سب کاروبار کرتے ہیں۔
علیمہ خان نے کہا کہ آخری پیغام میں انہوں نے سہیل آفریدی کو کہا کہ تیاری کرو اور اسٹریٹ موومنٹ شروع کرو، جمہوریت عوام ہے جو عوام کا دل کرے اس کو جمہوریت کہتے ہیں، آپ بانی پی ٹی آئی کا نام نہیں لیں گے تو آپ کو عوام نہیں دیکھیں گے۔