پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شہلا رضا نے کہا ہےکہ یہ عجیب ہے ایک واقعے کو بنیاد بناکرآپ صوبوں تک 18ویں ترمیم اوربنیادی تعلیم تک چلے گئے۔
سانحہ گل پلازہ پر قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہلا رضا نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں آگ لگی تو 40 افراد جاں حق ہو گئے تھے، لاہور میں حفیظ سینٹرمیں تین مرتبہ آگ لگی لیکن اس پر کوئی سیاست نہ کی گئی، یہ آگ ہے، ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ عجیب ہے ایک واقعے کو بنیاد بنا کرآپ صوبوں تک 18ویں ترمیم اوربنیادی تعلیم تک چلے گئے، سندھ ایک ملک تھا جسے قبل از مسیح دیکھا جانا چاہیے۔
شہلا رضا کا کہنا تھا کہ سندھ کی تاریخ ہزاروں سال پرانی ہے، یہ وہ واحد صوبہ ہے جس نے دل کھول کر مہاجرین کو ویلکم کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ گل پلازہ آگ میں آگ مختلف جگہوں پر لگی تھی، آخر کون سا کیمکل استعمال کیا گیا تھا کہ آگ پانی پھینکنے کے باوجود بجھتی نہیں تھی، پھر سوال یہ بھی ہے کہ چوبیس داخلی و خارجی راستے گل پلازہ کے کیوں بند تھے؟
انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی وجہ سے فائر بریگیڈ کو پہنچنے میں دیر لگی، میں مانتی ہوں کہ بلدیاتی نظام ہونا چاہیے، بلدیاتی نظام کی آڑ میں آج اندر کی کیا کیا باتیں سامنے آئیں ، یہ کونسا موقع ہے کہ آپ آج اپنے دل کی بھڑاس نکالیں، جو بھی حسرتیں ہیں وہ اپنے طریقے سے بتائیں۔