معروف اداکارہ مشی خان سانحہ گل پلازہ پر گفتگو کرتے ہوئے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور زار و قطار رو پڑیں۔
مشی خان نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں سندھ حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے کراچی کا نظام تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے۔
اداکارہ مشی خان نے مزید کہا کہ کراچی کچرے سے بھرا ہوا ہے، سڑکیں کھودی ہوئی ہیں، پینے کے لیے صاف پانی نہیں ہے۔
انھوں نے سوال کیا کہ کراچی کا بجٹ کہاں جاتا ہے؟ آپ لوگوں نے شہر کا کیا حال کردیا ہے۔ وہاں کے محنتی لوگوں کے ساتھ ایسا سلوک کیوں ہے۔
مشی خان نے کہا کہ نظر تو نہیں آتا کہ کراچی میں بجٹ کہاں لگتا ہے، آپ لوگ بس بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں۔ اللہ کا خوف نہیں کہ کراچی کے ساتھ کیا کر رہے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ شہری ٹیکس دینے کے باوجود سہولیات سے محروم ہیں، بجٹ کا پیسا شہر میں لگنے کے بجائے گھروں میں جمع کیا جا رہا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ کراچی اب ویسا لگتا نہیں جیسا آج سے 20 سال ، 30 سال پہلے تھا۔ میئر، وزیر اعلیٰ سندھ، گورنر اور وزرا آخر لوگوں کا سامنا کیسے کرلیتے ہیں۔