رحیم یار خان:
رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں خوف اور دہشت کی علامت سمجھے جانے والے اور انتہائی مطلوب دو ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس کو انتہائی مطلوب ڈاکو قابل سکھانی اور مورزادہ دشتی کے سر کی قیمت فی کس ایک کروڑ روپے مقرر تھی، حکومت پنجاب نے بدنام زمانہ ڈاکو سکھانی اور مورزادہ دشتی کے سر کی قیمت ایک کروڑ مقرر کی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں کے دونوں سرغنہ قابل سکھانی اور مورزادہ دشتی نے اپنے آپ کو قانون کے حوالے کردیا ہے، دونوں ڈاکو قتل، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان، پولیس پر حملوں سمیت سنگین جرائم میں ملوث تھے۔
قابل سکھانی اور مور زادہ دشتی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کی دنیا سے توبہ کرکے باعزت زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔
ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں نے کہا کہ کچہ ایریاز میں کریمنلز کے خاتمے تک ڈرون آپریشن، فورس کی پیش قدمی جاری رہے گی۔
ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مجموعی طور پر دو کروڑ روپے سر کی قیمت والے دونوں خطرناک ڈاکوؤں کے ہتھیار ڈالنے پر رحیم یار خان پولیس کو شاباش دی ہے۔