نوجوان کی فیس بک لائیو پر خودسوزی: حیران کن کہانی سامنے آگئی

نوجوان نے فیس بک لائیو پر سیکڑوں ویورز کے سامنے پٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگا لی


ویب ڈیسک January 29, 2026

سوشل میڈیا پر براہِ راست نشریات کے دوران خود کو آگ لگانے والے نوجوان کا واقعہ دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

آئے دن لوگ آن لائن پلیٹ فارمز پر اپنی زندگی کے حساس لمحات شیئر کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ حالیہ برسوں میں ایسے کئی واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں افراد نے لائیو ویڈیو کے دوران اپنی جان لینے کی کوشش کی، اور یہی رجحان ایک بار پھر عراق میں سامنے آیا۔

عراقی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ موصل کے جنوب میں واقع علاقے حمام العلیل سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان سے جڑا ہے، جس نے فیس بک پر براہِ راست ویڈیو چلاتے ہوئے تیزی سے بھڑکنے والا ایندھن استعمال کیا اور خود کو آگ لگا لی۔

واقعے کے فوراً بعد نوجوان کو طبی امداد فراہم کی گئی اور کردستان ریجن کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ اس وقت زیرِ علاج ہے۔ بعد ازاں مذکورہ ویڈیو فیس بک سے ہٹادی گئی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ نوجوان کے خلاف اس سے قبل بھی 2021 اور 2022 میں منشیات کے مقدمات میں عدالتی فیصلے صادر ہو چکے تھے۔ مزید یہ کہ حالیہ اقدام سے کچھ عرصہ قبل اس کے خلاف منشیات کی اسمگلنگ اور تشہیر کے الزامات کے تحت غیر حاضری میں ایک نیا عدالتی حکم بھی جاری ہوا تھا، جس نے اس معاملے کو مزید سنگین بنا دیا۔

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ نوجوان پانچ افراد پر مشتمل ایک منشیات فروش نیٹ ورک کا حصہ تھا، جس کے دیگر تمام ارکان کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ تاہم یہ نوجوان نینویٰ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا اور کچھ عرصے بعد اچانک سوشل میڈیا پر لائیو آ کر سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی ادارے اس کیس میں کردستان ریجن کی متعلقہ انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں، اور نوجوان کی حالت بہتر ہوتے ہی اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔

واقعے نے ایک بار پھر سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ استعمال اور ذہنی دباؤ جیسے پہلوؤں پر بحث چھیڑ دی ہے، جن پر ماہرین پہلے ہی تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

مقبول خبریں