کراچی؛ پولیس کا فائرنگ کے تبادلے میں ملزم ہلاک کرنے کا دعویٰ، لواحقین کا احتجاج

علی حیدر تفریح کے لیے سی ویو گیا تھا، پولیس نے رکشا نہ روکنے پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے، مظاہرین کا الزام


منور خان January 31, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

بوٹ بیسن پولیس نے کلفٹن بلاک 2 میں مبینہ فائرنگ تبادلے میں ایک ملزم کو ہلاک اور دوسرے  کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ملزم کی ہلاکت کے بعد اس کے ورثا نے درجنوں افراد کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں احتجاج کیا۔

بوٹ بیسن پولیس نے کلفٹن بلاک 2 میں مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم کو ہلاک اور دوسرے ملزم کو گرفتار کر لیا ، مارے جانے والے ملزم کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی۔

ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی کے مطابق ہلاک ہونے والے مبینہ ملزم کی شناخت حیدر علی کے نام سے ہوئی ہے اور ہلاک و گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم کی واردتوں میں ملوث رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہلاک و گرفتار ملزمان شہریوں سے موبائل فون چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی جس پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی اور پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم موقع پر ہلاک جبکہ اس کا ساتھی بلا ضرب گرفتار ہوا۔

ترجمان نے بتایا کہ ہلاک اور گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں، گرفتار و ہلاک ملزمان کا تعلق بدنام زمانہ رکشا گینگ سے بتایا جا رہا ہے جو شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

لواحقین کا احتجاج

دوسری جانب مبینہ ملزم علی حیدر کی ہلاکت کی اطلاع پر اس کے گھر والے درجنوں مرد و خواتین کے ہمراہ کراچی پریس کلب پہنچ گئے اور احتجاج شروع کیا۔

مظاہرین نے پولیس پر الزام عائد کیا کہ گلشن معمار کا رہائشی 20 سالہ علی حیدر تفریح کے لیے سی ویو گیا تھا لیکن پولیس نے رکشا نہ روکنے پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مارے جانے والی علی حیدر کی لاش پولیس کے پاس ہے اور ان کے ساتھی کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

مظاہرین کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ قاتلوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور ہمیں انصاف فراہم کیا جائے ۔

پولیس کا ملزمان کا کرمنل ریکارڈ حاصل کرنے کا دعویٰ

ترجمان ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت علی حیدر جبکہ بلا ضرب گرفتار ملزم کی شناخت شاہنواز کے نام سے کی گئی ہے، ہلاک ملزم کلفٹن اور ڈیفینس کے علاقوں میں سرگرم تھا اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ رکشے میں سوار ہو کر شہریوں کو لوٹ مار کا نشانہ بناتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہلاک اور گرفتار دونوں ملزمان اسٹریٹ کرائم کے متعدد مقدمات میں ملوث رہے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزمان سے اسلحہ راؤنڈز ، دو موبائل فونز ، تین پرس اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا رکشہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار اور ہلاک ملزمان کا تعلق بدنام زمانہ رکشا گینگ سے ہے جو شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق ہلاک ملزم علی حیدر ولد خادم حسین 2019 سے وارداتوں میں ملوث رہا ہے، ملزم کے خلاف آرٹلری میدان ، گزری اور تیموریہ تھانے میں مجموعی طور پر 4 مقدمات درج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملزم حیدر علی تیموریہ تھانے کی ایف آئی آر میں سزا یافتہ ہے جبکہ دوسرے گرفتار ملزم شاہنواز کے خلاف سپرہائی وے اور گزری تھانوں میں مجموعی طور پر تین مقدمات درج ہیں۔

مقبول خبریں