کراچی میں ایک اورشہری کو ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ نیو کراچی صبا سینما کے قریب پیش آیا جہاں ڈاکوؤں نے ڈکیتی مزاحمت پرآن لائن رکشہ چلانے والے شہری کو قتل کردیا۔
مقتول ایک کمسن بیٹی کا باپ تھا اورمقتول کا آبائی تعلق نواب شاہ سے تھا، رواں سال شہرقائد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ اور ڈکیتی مزاحمت پرطالبہ اور پولیس اہلکار سمیت 11 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اتوارکونیوکراچی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے نیو کراچی ساڑھے 6 نمبرصبا سینما کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طورپرچھیپا ایمبولنس کے ذریعے پہلے عباسی شہید اسپتال اوربعدازاں سول اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ شدید زخمی شخص دوران سفردم توڑگیا۔
مقتول کی شناخت 35 سالہ اعجاز ولد میاں خان کے نام سے کی گئی۔ مقتول لاسی گوٹھ کا رہائشی تھا اوراس کا آبائی تعلق نواب شاہ سے تھا۔ مقتول اعجاز ایک بیٹی کا باپ اورآن لائن رکشہ چلاتا تھا۔
رابطہ کرنے پرایس ایچ اواین کے آئی اے افتخار احمد نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پرنامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ کے باعث پیش آیا ہے۔
نامعلوم ملزمان نے مقتول کوعقب سے چارگولیاں مارکرقتل کیا۔ انھوں نے بتایا کہ مقتول کا موبائل فون ، پرس اور دیگر سامان غائب ہے۔ شبہ ہے نامعلوم ملزمان مقتول کا موبائل فون،پرس اور دیگر سامان لوٹ کر فرارہوئے ہیں۔
پولیس وقوع پرموجود ہے اور سی سی ٹی وی سمیت دیگرشواہد اکٹھا کرکے واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے ہیں۔