اسنیپ چیٹ نے آسٹریلیا میں کم عمر صارفین کے 4 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس بند کر دیے

آسٹریلیا کے آن لائن سیفٹی ریگولیٹر کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنیاں اب تک 47 لاکھ کم عمر اکاؤنٹس بند کر چکی ہیں


ویب ڈیسک February 02, 2026
(فوٹو: فائل)

آسٹریلیا میں کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کے بعد اسنیپ چیٹ نے 16 سال سے کم عمر صارفین کے 4 لاکھ 15 ہزار اکاؤنٹس بلاک کر دیے ہیں۔

اسنیپ چیٹ نے پیر کو جاری بیان میں بتایا کہ دسمبر میں نافذ ہونے والے نئے قانون کے تحت یہ کارروائی کی گئی ہے، تاہم کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ کچھ کم عمر بچے عمر کی تصدیق کے نظام کو چکمہ دینے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

نئے قانون کے مطابق اسنیپ چیٹ، میٹا، ٹک ٹاک اور یوٹیوب سمیت تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو 16 سال سے کم عمر افراد کے اکاؤنٹس روکنا لازم ہے۔ قانون پر عمل نہ کرنے کی صورت میں کمپنیوں کو 4 کروڑ 95 لاکھ آسٹریلوی ڈالر تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

آسٹریلیا کے آن لائن سیفٹی ریگولیٹر کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنیاں اب تک مجموعی طور پر 47 لاکھ کم عمر اکاؤنٹس بند کر چکی ہیں، جسے حکام نے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

اسنیپ چیٹ کا کہنا ہے کہ عمر جانچنے کی موجودہ ٹیکنالوجی میں دو سے تین سال تک کی غلطی ہو سکتی ہے، جس کے باعث بعض کم عمر بچے پابندی سے بچ نکلتے ہیں، جبکہ کچھ 16 سال سے زائد عمر کے صارفین غلطی سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

کمپنی نے آسٹریلوی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایپ اسٹورز کو صارفین کی عمر کی تصدیق کا پابند بنایا جائے تاکہ قانون پر مؤثر عمل درآمد ممکن ہو سکے۔

اسنیپ چیٹ کا مؤقف ہے کہ مکمل پابندی درست حل نہیں اور چونکہ یہ پلیٹ فارم بنیادی طور پر پیغام رسانی کے لیے استعمال ہوتا ہے، اس لیے نوعمروں کو قریبی دوستوں اور خاندان سے کاٹ دینا انہیں زیادہ محفوظ نہیں بناتا۔

مقبول خبریں