پیپلزپارٹی کا 48واں یوم تاسیس آج ملک بھر میں منایا جائے گا

آج کے دن اس عظم کا اعادہ کرتے ہیں کہ طاقت کا سرچشمہ عوام اورسیاسی تبدیلی ووٹ کے ذریعے لائی جاسکتی ہے،آصف علی زرداری


آج کے دن اس عظم کا اعادہ کرتے ہیں کہ طاقت کا سرچشمہ عوام اورسیاسی تبدیلی ووٹ کے ذریعے لائی جاسکتی ہے،آصف علی زرداری۔ فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کا 48 واں یوم تاسیس آج ملک بھرمیں جوش و خروش کے ساتھ منایاجائے گا۔ اس سلسلے میں مرکزی تقریب بلاول ہاؤس لاہورمیں ہوگی، یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہاکہ آج کے دن ہم اس امرکا اعادہ کرتے ہیں کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور سیاسی تبدیلی صرف ووٹ کے ذریعے ہی لائی جاسکتی ہے۔

پارٹی کسی کوبھی اپناایجنڈا یاسیاسی فلسفہ، مذہب کی آڑمیں طاقت کے ذریعے مسلط کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ جمہوریت کے نام پر جمہوریت کودی جانے والی دھکمیوں پر تشویش ہے۔ ہمارے تاسیسی اصول کہ جمہوریت ہماری سیاست اورطاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، عوام کے ذہنوں پرنقش ہیں اور انھیں مٹایا نہیں جاسکتا۔ پارٹی ہر قسم کی سول یافوجی ڈکٹیٹرشپ کے خلاف ہے۔ اس موقع پرپارٹی اپنے تمام کارکنوں کی بے تحاشہ قربانیوں پرانھیں سلام پیش کرتی ہے۔

نمائندے کے مطابق آصف زرداری مرکزی تقریب میں شرکت کے لیے گزشتہ روزلاہور پہنچ گئے۔ کراچی سمیت صوبے بھرمیں یوم تاسیس کی تقریبات ضلعی سطح پرمنعقد کی جائیں گی جن میں کیک کاٹے جائیں گے اورپارٹی کی مقامی قیادت ان تقاریب سے خطاب کرے گی۔

ادھر چیئرمین سینیٹ نیر بخاری نے آصف زرداری سے ملاقات کی اوران سے ملکی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔ پیپلزپارٹی لاہورکی جانب سے پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے مسلم ٹاؤن میں لگائے گئے کیمپ کوپولیس نے اکھاڑدیا اورلاہور کے نائب صدرحاجی اقبال اور 9کارکنوں کو بدترین تشددکا نشانہ بناتے ہوئے گارڈن ٹاؤن تھانے میں بند کردیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لاہورشہر کے مختلف چوراہوںپر لگائے گئے بینرزاور پوسٹرزبھی اتاردیے گئے۔ پیپلزپارٹی لاہورکی صدرثمینہ خالد گھرکی نے کارکنوں کو تشددکا نشانہ بنانے اورانھیں گرفتارکرنے کی شدیدالفاظ میںمذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ انھیں فی الفور رہا کیاجائے۔

مقبول خبریں