حکومت نے حبیب بینک میں اپنے شیئرز 168 روپے فی شیئر فروخت کرنے کی منظوری دیدی

حبیب بینک کے حکومتی حصص فروخت کرنے سے زرمبادلہ کی مد میں 76کروڑ40 لاکھ ڈالر حاصل ہوں گے، محمد زبیر


ویب ڈیسک April 11, 2015
ایچ بی ایل کے حکومتی حصص کی فروخت سے ایک ارب ڈالر کی فنڈ ریزنگ ہوگی، محمد زبیر فوٹو: فائل

کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے حبیب بینک کے حکومتی شیئرز 168 روپے فی شیئر کے حساب سے فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

اسلام آباد میں کابینہ کی نجکاری کمیٹی کے اجلاس کے بعد چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نے میڈیا کانفرنس میں بتایا کہ حبیب بینک کے حکومتی حصص کی اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے فروخت ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ایکویٹی پیشکش ہے، جس کی مالیت ایک ارب 60 کروڑ ڈالر ہے، حبیب بینک کے 60 کروڑ 90 لاکھ حکومتی شیئرز 166 روپے فی شیئر کی فلور پرائس کے ساتھ فروخت کے لئے پیش کئے گئے تھے، جمعہ کی شام تک سرمایہ کاروں کی جانب سے ایک ارب 60 کروڑ ڈالر میں 96 کروڑ 50 لاکھ شیئرز خریدنے کی پیشکشیں وصول ہوئیں۔

محمد زبیر کا کہنا تھا کہ وزیرخزانہ کی زیر صدارت اجلاس میں ایچ بی ایل کے حکومتی شیئرز کی فروخت کے لئے موصول ہونے والی پیشکشوں کا جائزہ لیا گیا اور اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے شیئرز کی فروخت کے مروجہ بین الاقوامی اصول اور ضابطے کے مطابق شیئرز کی سب سے زیادہ بولی سے بتدریج نیچے تک جائزہ لیا گیا جس کے بعد کمیٹی نے حبیب بینک کے شیئرز 168 روپے فی شیئر کے حساب سے فروخت کی منظوری دے دی ہے،اس سے حکومت کو زرمبادلہ کی مد میں 76 کروڑ40 لاکھ ڈالرحاصل ہوں گے۔

وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ ایچ بی ایل کے حکومتی حصص کی فروخت سے اگرچہ ڈیویڈنڈ کی مد میں حاصل ہونے والی آمدنی ختم ہوجائے گی مگراس کا دوسرا پہلو یہ بھی ہے کہ اس سے ایک ارب ڈالرکی فنڈ ریزنگ ہوگی جس سے 4 ارب ڈالر کی اقتصادی سرگرمیاں کی جاسکتی ہے اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی اس سے کہیں زیادہ ہوگی جب کہ ڈسکاونٹ ریٹ میں بھی بہتری آئے گی۔

مقبول خبریں