سلطان اذلان شاہ ہاکی نیوزی لینڈ دوسری مرتبہ چیمپئن بن گیا

فائنل میں مقابلہ 2-2 سے برابر رہنے کے بعد پنالٹی شوٹس پر آسٹریلیا کو 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا


Sports Desk April 13, 2015
فائنل میں مقابلہ 2-2 سے برابر رہنے کے بعد پنالٹی شوٹس پر آسٹریلیا کو 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور: سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ نیوزی لینڈ نے جیت لیا، فائنل میں مقابلہ 2-2 سے برابر رہنے کے بعد پنالٹی شوٹس پر آسٹریلیا کو 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، کیوی ٹیم دوسری مرتبہ چیمپئن کا تاج اپنے سرپر سجانے میں کامیاب ہوئی، بھارت نے جنوبی کوریا کو زیر کرکے برانز میڈل اپنے نام کرلیا، کینیڈا نے ملائیشیا کو چھٹی اورآخری پوزیشن پر دھکیل دیا۔

تفصیلات کے مطابق ملائیشیا میں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا نیوزی لینڈکی فتح کیساتھ اختتام ہوگیا، فیصلہ کن میچ میں سخت مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، کیویز نے آغاز میں ہی مضبوط حریف کے اوسان خطا کرتے ہوئے 5ویں منٹ میں ہی برتری حاصل کرلی،ایک اچھی موو پر کوکابوراز کے دفاعی کھلاڑیوں کی غلطی سے ملنے والے پنالٹی کارنر پر ہیورڈ نے بال کو جال کی راہ دکھادی، آسٹریلوی ڈیفینڈرز نے حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے حریف فارورڈز کے حملے ناکام بنائے، زیادہ ترکھیل میدان کے وسط میں جاری رہا، دونوں طرف سے کئی مووز ناکام ہونے کے بعد بالآخر کھیل کے 50ویں منٹ میں جمی ڈائر نے گول کرکے مقابلہ 1-1سے برابر کردیا۔

نیوزی لینڈ نے جوابی حملوں کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے اچھی مووز بنائیں جس کے نتیجے میں پنالٹی کارنر حاصل ہوا، ایک بار پھر ہیورڈ نے حریف گول کیپر کو جھانسہ دے کر بال کو نیٹ میں پھینک دیا، کوکا بوراز نے بھی ہمت نہ ہاری اور صرف 2منٹ کے بعد ہی مقابلہ 2-2سے برابر کردیا،ایک سنگین فاؤل پر ملنے والے پنالٹی شوٹ پر نولز نے کوئی غلطی نہیں کی، مقررہ وقت میں میچ نتیجہ خیز نہ ہونے پر دونوں ٹیموں کو 5،5پنالٹیز دی گئیں، جس پر نیوزی لینڈ نے 3جبکہ آسٹریلیا نے ایک گول کیا،کیویز نے دوسری بار ایونٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

دوسری جانب تیسری پوزیشن کے میچ کا فیصلہ بھی پنالٹیزکے ذریعے ہی ہوا، بھارت نے جنوبی کوریا کوزیرکرکے برانزمیڈل حاصل کرلیا، بلو شرٹس نے 10ویں منٹ میں نیکن کے گول کی بدولت برتری حاصل کی جس کے 9منٹ بعد ہائیوسک یونے ایک کامیاب کوشش سے مقابلہ برابرکردیا، چند منٹ بعد ہی ستبیر سنگھ نے ایک شاندار گول داغ کر اسکور بھارت کے حق میں 2-1 کردیا لیکن دوسرا کوارٹر ختم ہونے سے چند منٹ قبل ہوین وو نے ایک بار پھر کوریا کو میچ میں واپسی کا موقع فراہم کردیا۔

آخری دونوں کوارٹرز میں دونوں ٹیموں نے دفاعی کھیل کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے کوئی گول نہ ہوسکا، پنالٹی شوٹس پر بھارت نے 4گول کیے جبکہ کوریا کی صرف ایک کوشش کامیاب ہوسکی۔پانچویں پوزیشن کا میچ بھی پنالٹیز کی بدولت ہی نتیجہ خیز بنایا جاسکا، ملائیشیا اور کینیڈا نے مقررہ وقت میں 4،4گول کیے، تاہم کینیڈین ٹیم نے پنالٹیز پر حریف کو 3-1سے زیر کرتے ہوئے چھٹی اور آخری پوزیشن پردھکیل دیا۔

مقبول خبریں