اسلام آباد سمیت کئی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری سے 8 افراد جاں بحق

گوجرانوالہ اورگردونواح میں بارش سے 2 مکانوں کی چھتیں گرنے سے 6 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے


ملک کے متعدد حصوں میں آج بھی گرج چمک اور تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو : فائل

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا، چھتیں، آسمانی بجلی، درخت اور ٹینٹ گرنے سے 8 افراد جاں بحق جبکہ 29 افراد زخمی ہوگئے۔

سرگودھا میں شدید آندھی سے مقامی سرکس کے ٹینٹ گرنے سے8 افراد شدید زخمی ہوئے جن کواسپتال پہنچادیا گیا جہاں 3 کی حالت نازک ہے، تخت بھائی مرکز کو رونہ میں مکان کی چھت گرنے سے ماں بیٹی جاں بحق جبکہ گھرکے سربراہ سمیت 4 افراد شدیدزخمی ہوگئے، مردان کے علاقے غلہ ڈھیر میں مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد شدید زخمی ہوئے، چارسدہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 3 بچے اورایک خاتون زخمی ہوگئی، ژوب میں طوفان کے باعث درخت گرنے سے7 بچے زخمی ہوئے۔

مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق گوجرانوالہ اورگردونواح میں بارش سے 2 مکانوں کی چھتیں گرنے سے 6 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے، گکھڑ منڈی کے صابری ٹاؤن اور ظفر کالونی میں 2 مکانوں کی چھت گرگئی جس سے ایک محنت کش،اسکی بیوی اور 3 بیٹیاں جبکہ دوسرے مکان میں ایک بچہ جاں بحق ہوا، فریدٹاؤن جھنگی میںایک اور مکان کی چھت گرنے سے 4 افرادزخمی ہوئے، محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے متعدد حصوں میں آج بھی گرج چمک اور تیزہواؤں کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پرژالہ باری کا امکان ہے۔

مقبول خبریں