4اکتوبرکا جلسہ پی ٹی آئی اور اسلام آباد انتظامیہ میں ٹھن گئی

اس موقع پر تحریک انصاف کے کوہاٹ سے ایم این اے شہر یار آفریدی بھی موجود تھے


Numainda Express September 29, 2015
اس موقع پر تحریک انصاف کے کوہاٹ سے ایم این اے شہر یار آفریدی بھی موجود تھے۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف اور اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے مابین 4 اکتوبر کے جلسے کے معاملے پر ٹھن گئی ہے۔

تحریک انصاف ڈی چوک میں جلسہ کرنے پر بضد ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے اس کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے اور آبپارہ چوک، ایف نائن پارک اور ایکسپریس وے پر جلسہ کرنے کی تجویز دی ہے جسے پی ٹی آئی نے مسترد کر دیا ہے، ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ اگر تحریک انصاف کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تو ڈی چوک کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا جائے گا۔

تحریک انصاف کے ایک رہنما کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے جلسے کیلیے متبادل مقامات آب پارہ چوک، ایف نائن پارک اور ایکسپریس وے تجویز کیے ہیں تاہم تحریک انصاف ڈی چوک پر ہی جلسہ کرے گی، ادھر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان عید کی چھٹیاں نتھیا گلی اور مری میں گزارنے کے بعد اسلام آباد پہنچ گئے ہیں اور آج (منگل کو) بنی گالا میں اپنی رہائشگاہ پر پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔

جس میں 4 اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاجی جلسے کیلیے حکمت عملی طے کی جائے گی اور اس کے بعد پارٹی موقف سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا، ادھر پیپلز پارٹی کوہاٹ کے صدر ملک اقبال نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی، اس موقع پر تحریک انصاف کے کوہاٹ سے ایم این اے شہر یار آفریدی بھی موجود تھے۔

مقبول خبریں