وزیراعظم نوازشریف 4 روزہ سرکاری دورے پر امریکا پہنچ گئے

واشنگٹن پہنچنے پر امریکی حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا جب کہ فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی


ویب ڈیسک October 20, 2015
واشنگٹن پہنچنے پر امریکی حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا جب کہ فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، فوٹو:ایکسپریس نیوز

وزیراعظم نوازشریف 4 روزہ اہم سرکاری دورے پر امریکا پہنچ گئے جہاں وہ امریکی صدر براک اوباما سے ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم نوازشریف امریکا کے 4 روزہ اہم دورے پر واشنگٹن پہنچ گئے ہیں جہاں وزیراعظم کا طیارہ اینڈریوزس ایئرپورٹ پر اترا جب کہ اس موقع پر وزیراعظم کے استقبال کے لیے امریکا میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی، اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب ملیحہ لودھی اور پاکستان میں امریکی سفیر سمیت امریکی محکمہ خارجہ کے حکام اور پروٹوکول افسران موجود تھے۔

واشنگٹن پہنچنے پر وزیراعظم نوازشریف کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا جہاں سب سے پہلے پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے وزیراعظم کا استقبال کیا جس کے بعد دیگر امریکی حکام نے بھی وزیراعظم کو خوش آمدید کہا جب کہ اس موقع پر امریکی فوج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو سلامی پیش کی۔ وزیراعظم کے وفد میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور اور طارق فاطمی سمیت دیگر شامل ہیں جب کہ وزیراعظم کی اہلیہ کلثوم نواز اور صاحبزادی مریم نواز بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

4 روزہ اہم دورے میں وزیراعظم آج امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات کریں گے، وہ پاک امریکا بزنس کونسل انسٹی ٹیوٹ آف پیس اور پاکستانی سفارت خانے میں پاکستانی کمیونٹی سے بھی خطاب کریں گے جب کہ وزیراعظم نوازشریف 22 اکتوبر کو امریکی صدر اوباما سے ملاقات کریں گے اس کے علاوہ امریکی نائب صدر جوبائیڈن اور امریکی کابینہ کے دیگر اراکین اور وزرا سے بھی ملاقات کریں گے۔

مقبول خبریں