فتح کے لیے انگلش ٹیم کونئی تاریخ رقم کرنا ہو گی

انگلش ٹیم نے ایشیائی سرزمین پرکبھی 209 سے زائد کا ہدف عبورنہیں کیا


Sports Desk November 05, 2015
انگلش ٹیم نے ایشیائی سرزمین پرکبھی 209 سے زائد کا ہدف عبورنہیں کیا۔ فوٹو: فائل

شارجہ ٹیسٹ میں فتح کیلیے انگلش ٹیم کو نئی تاریخ رقم کرنا ہو گی، ایشیائی سرزمین پر اس نے کبھی 209 رنز سے زائد کا ہدف عبور نہیں کیا، یہ اسکور بھی اس نے 5 برس قبل بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکا میں بنایا تھا، ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کا سب سے کامیاب 332 کا ٹارگٹ پانے کا واقعہ 1928 میں پیش آیا جب اس نے آسٹریلیا کو میلبورن میں مات دی تھی۔

دریں اثنا ای ین بیل ٹیسٹ کرکٹ میں 100کیچز تھامنے والے انگلینڈ کے آٹھویں کرکٹر بن گئے، انھوں نے یہ اعزاز اپنے 118 ویں میچ میں حاصل کیا، پاکستانی بیٹسمین محمد حفیظ ان کا100واں کیچ بنے۔ انگلش پیسر براڈ نے مصباح کو شکار بنا کرکیلنڈر ایئر میں 50 وکٹیں مکمل کر لیں، رواں برس یہ ان کے کیریئر کا 13 واں میچ اور وہ 51 وکٹوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔

ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے پاکستانی آل رائونڈر شعیب ملک اب تک حالیہ سیریز میں 10 شکارکر چکے۔ ان کی اوسط 20.60 رہی ہے، یہ سیریز میں اب تک ان کی بہترین بولنگ شمار ہوگی، شارجہ میں شعیب چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک 6 وکٹیں اپنے نام کر چکے ہیں، جو ان کی ٹیسٹ میں بہترین پرفارمنس ہے، اس سے قبل انھوں نے میچ میں کبھی 4 سے زائد وکٹیں نہیں لی تھیں، اوپنر حفیظ نے کیریئر کی 9 ٹیسٹ سنچریوں میں چوتھی مرتبہ 150 کا ہندسہ عبور کیا، حیران کن طور پر ان کی گذشتہ تینوں تھری فیگر اننگز 150 سے زائد رہی ہیں۔

گذشتہ برس شارجہ میں انھوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 197، اپریل 2015 میں بنگلہ دیش سے میچ میں 224 اور اب 151 رنز بنائے، یہ ان کی دوسری اننگز میں اب تک کا بہترین انفرادی اسکور بھی شمار ہوگا، اس سے قبل بہترین کاوش 104 رنز تھی، شارجہ میں یہ ان کی دوسری سنچری ہے، یہ واحد وینیو ہے جہاں انھوں نے 2 بار یہ کارنامہ انجام دیا۔

مقبول خبریں