شرمناک ہار کے بعد انگلینڈ ’’ٹاس‘‘ پر بھی واویلا مچانے لگا

ابوظبی میں مصباح کی جانب سے 9 میں سے 8 مرتبہ ٹاس جیتنا حیران کن تھا، اسٹیورٹ براڈ


Sports Desk November 11, 2015
حالیہ سیریز میں مسلسل تیسری بار فیصلہ خلاف آنے پر خود بھی سکہ چیک کیا ۔ فوٹو : فائل

KARACHI: انگلینڈ ٹیسٹ سیریز میں شرمناک شکست کے بعد ''ٹاس'' پر بھی واویلہ مچانے لگا، فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ کا کہنا ہے کہ ابوظبی میں مصباح کی جانب سے 9 میں سے 8 مرتبہ ٹاس جیتنا حیران کن تھا، حالیہ سیریز میں مسلسل تیسری بار فیصلہ اپنے خلاف آنے کے بعد میں نے سکہ بھی چیک کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کو پاکستان کے ہاتھوں 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-2 سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، دلچسپ بات یہ ہے کہ تینوں مرتبہ ٹاس پاکستانی قائد مصباح نے جیتا اور ہر بار انھوں نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، یہی بات انگلش ٹیم سے ہضم نہیں ہورہی، براڈ نے کہا کہ مصباح نے ابوظبی میں 9 میں سے 8 مرتبہ ٹاس جیتا، یہ کافی حیران کن ہے۔ میں نے خود سکے کو چیک بھی کیا۔

تیسرے ٹیسٹ میں الیسٹر کک نے اپنے بولرز سے کہا کہ وہ بتائیں کہ میں ٹاس کے وقت کیا چیز مانگوں کیونکہ میں نے ابتدائی دونوں مقابلوں میں ہیڈز کہا مگر سکے کا دوسرا رخ سامنے آیا، جس پر ہم نے انھیں ایک بار پھر ہیڈز ہی کہنے کو کہا مگر جب سکہ اچھالا گیا تو ایک بار پھر 'ٹیلز' سامنے تھا، الیسٹرکک کہتے ہیں کہ مصباح کے ہنسنے کا انداز ایسا تھا جیسے انھیں یقین ہو کہ وہ مسلسل تیسری بار بھی ٹاس جیتیں گے۔

براڈ نے مزید کہا کہ ایسی جگہ پر ٹاس نہ جیتنا کافی مشکل ہوجاتا ہے جہاں پر آپ بھی پہلے بیٹنگ کرنے کے خواہاں ہوں، آئی سی سی کو اس بارے میں سوچنا چاہیئے کیونکہ جب آپ انگلینڈ آئیں تو پہلے بیٹنگ تو کبھی فیلڈ سنبھالتے ہیں مگر یہاں ایسا نہیں ہے، میں سمجھتا ہوں کہ آئی سی سی کو اوے سائیڈ کو یہ اختیار دینا چاہیے کہ وہ بیٹنگ یا فیلڈنگ میں سے کسی ایک چیز کا انتخاب کرے۔

مقبول خبریں