ٹیسٹ رینکنگ میں یونس کے قدم لڑکھڑا گئے 2 درجے تنزلی

یونس چھٹی سے آٹھویں پوزیشن پر پہنچ گئے، کپتان مصباح الحق ٹاپ 10 کے آخری نمبر پر موجود


Sports Desk November 11, 2015
ڈی ویلیئرز نے ٹاپ بیٹسمین کا اعزاز حاصل کرلیا،بولنگ میں یاسراوراینڈرسن نمبر2 فوٹو : اے ایف پی/فائل

ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں مڈل آرڈر بیٹسمین یونس خان کے قدم لڑکھڑا گئے، 2 درجے تنزلی نے چھٹے سے آٹھویں نمبر پر پہنچا دیا، مصباح الحق ٹاپ 10 کے آخری نمبر پر موجود ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف برسبین ٹیسٹ میں 140 اور 59 رنز کی اننگز کھیلنے والے کین ولیمسن اور دونوں اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے ڈیوڈ وارنر کی بیٹنگ رینکنگ چارٹ پر ترقی کا براہ راست نقصان پاکستانی اسٹار بیٹسمین یونس خان کو ہوا، دو درجے بہتری سے ولیمسن پانچویں اوراتنے ہی زینے اوپر چڑھ کر وارنر ساتویں پوزیشن سنبھال چکے ہیں، چھٹے نمبر پر موجود یونس کو 2 درجہ تنزلی کے بعد اب آٹھویں نمبر پرجانا پڑا۔

اگرچہ مصباح کی رینکنگ پوزیشن میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا مگر 10 ویں پوزیشن انھیں جلدہی چھوڑنا پڑسکتی ہے۔ بھارت کیخلاف موہالی ٹیسٹ میں 63 اور16 رنز کی اننگز کھیلنے والے ڈی ویلیئرز پھر ٹاپ بیٹسمین بن گئے،انھوں نے مارچ 2012 میں پہلی باریہ اعزاز حاصل کیا، پھر رواں برس جنوری میں بھی ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمایا لیکن سنگاکارا نے انھیںاس جگہ سے محروم کردیا تھا۔

بھارتی کھلاڑی مرلی وجے کو8 درجے بہتری نے 11ویں اور 5 درجہ ترقی نے چتیشور پجارا کو 13 ویں نمبر پر پہنچادیا، بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر کو ناقص کارکردگی کی قیمت رینکنگ میں بالترتیب 5 اور 4 درجے خسارے کی صورت میں چکانا پڑی، اب وہ 16 اور 17 ویںنمبر پر موجود ہیں۔

بولرز میں ٹاپ پرڈیل اسٹین ہیں، یاسر شاہ جیمز اینڈرسن کے ساتھ دوسرا نمبر شیئر تو کررہے مگر پوائنٹس میں اعشاریائی پوائنٹس کی کمی کے باعث وہ ان سے نیچے ہیں، تین درجے بہتری سے ایشون پانچویں نمبر پرپہنچ چکے، مچل اسٹارک کو ایک ساتھ 7 درجہ ترقی نے 13 ویں نمبر پرپہنچا دیا۔آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن بدستور نمبر ون ہیں۔

مقبول خبریں