انگلینڈ سے تیسرا ون ڈے اسپنر یاسر شاہ فٹنس مسائل سے دوچار

بولر کی میچ میں شرکت یا عدم شرکت کا فیصلہ اچھی طرح جانچ کے بعد کیا جائیگا، پاکستان کرکٹ بورڈ


Sports Desk November 16, 2015
بیٹنگ لائن کی مضبوطی کیلیے ٹیم مینجمنٹ کا مختلف ’نسخوں‘پر غور شروع۔ فوٹو: فائل

انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں بیٹنگ لائن کی ناتوانی نے پریشانی بڑھادی، تیسرے میچ سے قبل بیٹنگ لائن کی مضبوطی کیلیے ٹیم مینجمنٹ نے مختلف 'نسخوں' پر غور شروع کردیا۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں پاکستانی بیٹنگ لائن کے دھوکا دینے سے ٹیم مینجمنٹ کی پریشانی بڑھ گئی اور ایک بار پھر اس کی مضبوطی کیلیے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا گیا ہے۔ دبئی میں ایک دن آرام کے بعد کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس کی اوراپنی خامیوں پر قابو پانے کیلیے کوشاں دکھائی دیے۔

کوچ وقاریونس بھی ٹیم پرفارمنس میں آنے والے اس اتار چڑھاؤ سے کافی نالاں اور اس کا مستقل حل کے خواہاں ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ٹیم کو ایسے قابل بھروسہ اوپنرزکی تلاش ہے جو نہ صرف تیزی سے رنز اسکور کرسکتے ہوں بلکہ اس دوران اپنی وکٹ بھی محفوظ رکھیں۔ یاد رہے کہ پاکستانی اسکواڈ میں اسپیشلسٹ اوپنر احمد شہزاد بھی موجود ہیں مگر انھیں مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے، ان کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر وقار یونس کا کہنا تھا کہ احمد شہزاد اسکواڈ میں شامل ہیں، انھیں جلد ہی موقع دیا جائے گا۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ سیریز برابر ہونے کی وجہ سے اوپن ہے، دونوں ٹیمیں اپنی برتری ثابت کرنے کیلیے بے چین ہیں۔ عمر اکمل تنازع کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس سے ٹیم کی پرفارمنس متاثر نہیں ہوگی۔ یونس خان کی ون ڈے کرکٹ سے اچانک ریٹائرمنٹ کے سوال پر وقار یونس نے کہا کہ یہ خبر میرے لیے بھی حیران کن تھی لیکن میں یونس کو ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کرتا ہوا دیکھنا چاہتا ہوں، میرے خیال میں انھیں سیریز پوری کرنی چاہیے تھی۔

دوسری جانب لیگ اسپنر یاسر انجری کا شکار ہوگئے جس کے باعث ان کی تیسرے ون ڈے میں شرکت مشکوک ہوگئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ترجمان کے مطابق یاسر شاہ کی میچ میں شمولیت طبی معائنے سے مشروط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گھٹنے میں تکلیف کے باعث یاسر شاہ نے ٹریننگ سیشن میں حصہ نہیں لیا۔ یاسر نے پہلے ون ڈے میں 38 رنز کے عوض مقررہ 10 اوورز میں ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا جب کہ دوسرے میچ میں انگلینڈ نے ان کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تھا جس کے دوران یاسر 9 اوورز میں 70 رنز کی پٹائی کے باوجود وکٹ سے محروم رہے تھے۔ وہ اس سے قبل فٹنس مسائل کے باعث انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ بھی نہیں کھیل پائے تھے۔

مقبول خبریں