آئندہ برس انگلینڈ 3 پاکستانی ٹیموں کی میزبانی کرے گا

قومی اسکواڈ کے ساتھ اے اورویمنزکرکٹ سائیڈز ایکشن میں نظرآئیں گی، شیڈول جاری


Sports Desk December 03, 2015
4 ٹیسٹ کی سیریزکا 14جولائی سے لارڈزمیں آغاز،5 ون ڈے اورایک ٹی20بھی ہوگا. فوٹو: فائل

آئندہ برس انگلینڈ 3 پاکستانی ٹیموں کی میزبانی کرے گا، قومی اسکواڈ کے ساتھ اے اور ویمنز سائیڈز بھی ایکشن میں نظر آئیں گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ انگلینڈ کا مکمل دورہ 2010 میں کیا تھا، جس میں اسے فکسنگ اسکینڈل کی وجہ سے جگ ہنسائی کا سامنا کرنا پڑا، یہ معاملہ اگست میں لارڈز میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ کے موقع پر سامنے آیا تھا۔ اسی وجہ سے اس وقت کے کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ بولرز آصف و عامر کو جیل کی ہوا بھی کھانا پڑی تھی، اب یہ تینوں کھلاڑی اپنی پانچ برس کی پابندی پوری کرچکے، پاکستان بھی تقریباً 6 برس بعد پھر انگلینڈ کا دورہ کرے گا۔

سیریز کا آغاز اسی ہوم آف کرکٹ لارڈز سے ہوگا جہاں پر کچھ لالچی کھلاڑیوں نے تھوڑے سے فائدے کیلیے ملک و قوم کو بدنام کر دیا تھا۔ انگلینڈ کی جانب سے پاکستان سے سیریز کے جاری ہونے والے شیڈول کے تحت پہلا ٹیسٹ 14 جولائی سے لارڈز میں شروع ہوگا، دوسرے میچ کی میزبانی 22 جولائی سے اولڈ ٹریفورڈ کریگا، تیسرے ٹیسٹ کے لیے دونوں ٹیمیں3 اگست سے ایجبسٹن میں نبرد آزما ہوں گی، چوتھا ٹیسٹ 11 اگست سے اوول میں شروع ہوگا۔

ون ڈے سیریز کا آغاز 24 اگست سے ہوگا۔ دوسرا میچ 27 تاریخ کو لارڈز اور تیسرا 30 اگست کو ٹرینٹ برج میں کھیلا جائے گا، چوتھا ایک روزہ میچ یکم ستمبر کو ہیڈنگلے میں ہونا ہے، 4 ستمبر کو شیڈول آخری ون ڈے کیلیے دونوں ٹیمیں کارڈف کا رخ کریں گی، 7 ستمبر کو اولڈ ٹریفورڈ میں واحد ٹوئنٹی 20 میچ ہوگا۔ اسی عرصے کے دوران پاکستانی ویمنز ٹیم وہاں سیریز کھیلے گی، اے ٹیم میزبان اور سری لنکا کے ساتھ ٹرائنگولر سیریز میں شریک ہوگی۔

مقبول خبریں