متنازع شخصیات کو پی ایس ایل سے دور رکھنے کا فیصلہ

کوچزسے درخواستیں طلب، سابق ٹیسٹ کرکٹراوراعلیٰ سطح پرکام کرنے کا تجربہ لازمی


Sports Reporter December 10, 2015
سلیکشن کا عمل رواں ماہ کے آخر میں مکمل ہوگا، ممکنہ کھلاڑیوں میں ’’عامر‘‘ شامل فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ میں کوچنگ کے امیدواروں سے درخواستیں طلب کرلی گئیں، سابق ٹیسٹ کرکٹر اور اعلیٰ سطح پر کام کرنے کا تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فروری میں یواے ای میں شیڈول پاکستان سپر لیگ میں کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے خواہشمند افراد سے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں، پی سی بی کی پریس ریلیز میں بتایا گیاکہ کئی کوالیفائیڈ کوچز اور کرکٹرز پہلے ہی ایونٹ کیلیے اپنی خدمات پیش کرچکے۔

اب فرنچائز کے کوچنگ پینلز کا انتخاب مکمل کرنے کیلیے مزید امیدوار رجوع کرسکتے ہیں، صرف سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور اعلی سطح پر کام کرنے کا تجربہ رکھنے والے ہی درخواست دے سکتے ہیں، پی سی بی، اس کے عہدیداروں یا آئی سی سی کے ساتھ کسی بھی تنازع میں ملوث شخصیات کو زیر غور نہیں لایا جائے گا،فرنچائزز کھلاڑیوں کو ڈرافٹ سسٹم کے تحت منتخب کرنے کا کام دسمبر کے اواخر میں مکمل کریں گی،اس سے قبل کوچز کا انتخاب کرلیا جائے گا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کیلیے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں محمد عامر کو بھی شامل کرلیا گیا، پیسر کو قبل ازیں قومی ٹیم میں واپسی کیلیے بھی زیر غور لایا جارہا تھا لیکن چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے ان کی فوری شمولیت کے امکانات مسترد کرتے ہوئے کہاکہ پہلے رویے کا اطمینان کیا جائے گا،بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد عامر کو اب پی ایس ایل میں شرکت کا موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مقبول خبریں