اب فون سے بھی ”ڈی ایس ایل آر“ کیمرے جیسی فوٹوگرافی ہو سکے گی

اب فوٹوگرافی کیلئے بڑے کیمروں کی ضرورت نہیں بلکہ موبائل میں نصب ایل سولہ کیمرے کی مدد سے اعلیٰ معیار کی تصاویر بنائیں


ویب ڈیسک April 26, 2016
اب فوٹوگرافی کیلئے بڑے کیمروں کی ضرورت نہیں بلکہ موبائل میں نصب ایل سولہ کیمرے کی مدد سے اعلیٰ معیار کی تصاویر بنائیں

آپ نے "ایف سولہ" لڑاکا طیارے کا نام تو سنا ہو گا اب آنے کو ہے"ایل سولہ" لیکن یہ کوئی طیارہ نہیں بلکہ کیمرہ ہے۔

یہ کیمرہ تصاویر بنانے کی دنیا کو بالکل بدل دینے کا عزم لیے سامنے آنے کو ہے۔ اس کیمرے میں کئی خاص باتیں ہیں۔ مثلاً یہ عام کیمرے کی طرح صرف ایک لینس تک محدود نہیں ہے بلکہ اس پر چھوٹے چھوٹے دس سے زائد لینس نصب ہیں جومل کر 52 میگا پکسلز کی انتہائی اعلیٰ معیار کی تصویر بنا سکتے ہیں۔

یہ ایسا کیمرہ ہے جو فوٹوگرافی کے میدان میں سب سے مقبول کیمرے ڈی ایس ایل آر کوکڑی ٹکر دے گا۔ ڈی ایس ایل آر استعمال کرنے والے پروفیشنل فوٹوگرافرز اپنے کیمرے کے ساتھ بھاری بھرکم لینسز بھی لیے گھومتے ہیں لیکن "ایل سولہ" کا سائز صرف ایک اسمارٹ فون جتنا ہے، یعنی اسے باآسانی جیب میں رکھ کر گھوما جاسکے گا اور جہاں چاہیں اعلیٰ معیار کی ایچ ڈی آر تصاویر بنائی جاسکیں گی۔

اس میں تصاویر کو مزید نکھارنے کے لیے فوٹو ایڈیٹر اور تصاویر کو شیئر کرنے کے لیے وائی فائی کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔ "ایل سولہ" کیمرے کے عقب میں پانچ انچ کی اسکرین موجود ہے، اس میں اسنیپ ڈریگن پروسیسر جب کہ اینڈروئیڈ بطور آپریٹنگ سسٹم استعمال کیا گیا ہے۔

بات یہاں ختم نہیں ہوتی، اس کیمرے کو بنانے والی کمپنی ''لائٹ'' اسے اسمارٹ فونز میں شامل کرنےکے لیے بھی کوشاں ہے اور اس کے لیے وہ اسمارٹ فون بنانے والی ایک کمپنی سے معاملات بھی طے کر چکی ہے۔

جس کمپنی سے یہ معاملات طے پائے ہیں وہ ایپل کے لیے بھی آئی فون بنانے کا کام کرتی ہے اس لیے اس بات کے قوی امکان ہیں کہ جلد یہ خواب حقیقت بن جائے گا اور صارفین اپنے فون سے بھی ڈی ایس ایل آر جیسی معیاری فوٹوگرافی کر پائیں گے۔

مقبول خبریں