پارلیمانی کمیٹی پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے متفقہ ٹی اوآرز تشکیل دے گی اسحاق ڈار

پاناما لیکس کسی ایک شخص کا معاملہ نہیں اس میں سیکڑوں افراد کے ناموں سےمتعلق چھان بین ہونی ہے، وزیر خزانہ


ویب ڈیسک May 17, 2016
آئندہ بجٹ بہت اچھا اورعوام دوست ہوگا ہم ٹیکس نیٹ بڑھانا چاہتے ہیں اورٹیکسوں کے نظام کو معتدل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اسحاق ڈار۔ فوٹو : وسیم نظیر

وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارکہتے ہیں کہ اسپیکر قومی اسمبلی دونوں ایوانوں کے ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیں گے جو پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے متفقہ ٹی اوآرز تشکیل دے گی.

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئےاسحاق ڈارنے کہا کہ وزیراعظم کےخاندان سمیت کوئی بھی احتساب سے بالاترنہیں، وزیراعظم نے خود کو ایوان میں احتساب کے لیے پیش کردیا ہے، وزیراعظم نے پاناما لیکس کے معاملے کی تحقیقات کے لیے متفقہ ٹی اوآرز طے کرنے کے لیے اسپیکرقومی اسمبلی کو کمیٹی بنانے کی درخواست کی ہے، یہ کمیٹی دونوں ایوانوں کے ارکان پر مشتمل ہوگی کیونکہ یہ کسی ایک شخص کا معاملہ نہیں، اس سلسلے میں سیکڑوں افراد کے ناموں سےمتعلق چھان بین ہونی ہے۔

وفاقی وزیرخزانہ نے کہا کہ وہ یہ نہیں کہتے کہ اس معاملے کو دبا دیا جائے لیکن اپوزیشن ملکی مفادات کو مد نظررکھے، کہیں سیاسی گہما گہمی میں پاکستان کے مفادات کو نقصان نہ پہنچے۔ پارلیمانی کمیٹی حکومت اوراپوزیشن کے ٹی او آرزپربھی غورکرسکتی ہے، ان ہی کی روشنی میں متفقہ ٹی وی آرزبنائے جائیں گے۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے اسحاق ڈارنے کہا کہ آئندہ بجٹ بہت اچھا اورعوام دوست ہوگا، ہم ٹیکس نیٹ بڑھانا چاہتے ہیں اورٹیکسوں کے نظام کو معتدل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے معاملے پر کمیٹی بنا دی گئی جو فیصلہ کرے گی، 2018 کے انتخابات جیتنے کے بعد بھی متفقہ چارٹر آف اکنامی کےموقف پرقائم رہیں گے۔

مقبول خبریں