جنوبی پنجاب صوبہ بننے سے کوئی نہیں روک سکتا، فاروق ستار

ایکسپریس اردو  پير 23 جولائی 2012
جنوبی پنجاب صوبے کی قراردادسب سے پہلے متحدہ نے جمع کرائی،ملتان میں جلسوں سے خطاب۔ فوٹو ایکسپریس

جنوبی پنجاب صوبے کی قراردادسب سے پہلے متحدہ نے جمع کرائی،ملتان میں جلسوں سے خطاب۔ فوٹو ایکسپریس

ملتان: متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینراورسمندرپارپاکستانیوں کے وفاقی وزیرڈاکٹر فاروق ستار نے کہاہے کہ جنوبی پنجاب صوبہ بننے سے اب کوئی نہیں روک سکتا،جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کی قراردادسب سے پہلے ایم کیوایم نے قومی اسمبلی میں جمع کرائی اوراب جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلیے ایم کیوایم ہرممکن کوشش کرے گی۔

اس موقع پرایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان افتخار اکبر رندھاوا،واسع جلیل سینٹرل ایگزیگٹوکونسل کے رکن شمشاد جعفری ایم کیوایم ملتان زون کے انچارج رائے خالد وارکان زونل کمیٹی اورکارکنان کی بڑی تعدادموجودتھی ۔ ملتان کے علاقے ممتازآبادمیں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہناتھاکہ جنوبی پنجاب پسماندہ علاقہ ہے، جعلی زرعی ادویہ ،ناقص بیج اور مہنگی کھادنے کاشتکاروں اورکسانوں کی کمرتوڑکر رکھ دی ہے،موجودہ حکمرانوں نے ملک کوغربت ، مہنگائی ، بیروزگاری اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔

ایم کیو ایم اقتدار میں آکر عوام کو ان مسائل سے نجات دلائے گی۔اس سے قبل جہانیاں میںکاشتکاروں اور کسانوں کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ فیصلے کا وقت آگیاہے کہ عوام کو پاکستان کو بچانا ہے یا پھر ظالم حکمرانوں کے حوالے کرنا ہے،پنجاب میں چند سازشی عناصر ایم کیو ایم کی مقبولیت سے خائف ہیں مگر آئندہ انتخابات میں ایم کیوایم پنجاب میں بھر پور طریقے سے حصہ لے گی۔اس موقع پررابطہ کمیٹی کے رکن افتخاراکبررندھاوانے بھی خطاب کیا۔

علاوہ ازیں خورشیدبیگم سیکریٹریٹ عزیز آبادمیںاتوارکوایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں ایم کیوایم کی منشورکمیٹی کااجلاس منعقد ہواجس میں 2008کے منشورپرعملدرآمدکاجائزہ لیاگیااور2012کے منشورکی تیاری کیلیے کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے ارکان رضاہارون،کنو رنوید جمیل ،شاہد لطیف، واسع جلیل ،قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر حیدر عباس رضوی ، حق پرست صوبائی وزیر سردار احمد بھی موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔