کراچی میں انٹر پری میڈیکل اور ہوم اکنامکس کے نتائج پہلی تینوں پوزیشنز طالبات کے نام

انٹر پری میڈیکل گروپ میں آسیہ خالد نے پہلی، ماروا تنویر نے دوسری جب کہ رمشا عمران نے تیسری پوزیشن حاصل کی


ویب ڈیسک September 05, 2016
انٹر پری میڈیکل گروپ میں آسیہ خالد نے پہلی، ماروا تنویر نے دوسری جب کہ رمشا عمران نے تیسری پوزیشن حاصل کی فوٹو : ایکسپریس

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے انٹر پری میڈیکل اور ہوم اکنامکس گروپ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا ہے جس میں پہلی تینوں پوزیشنز طالبات نے اپنے نام کرلی ہیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق انٹربورڈ کی سالانہ نتائج کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں ڈی جی نیب سندھ سراج النعیم، چئیرمین انٹربورڈ اخترغوری، ناظم امتحانات عمران چشتی اور سیکرٹری عظیم احمد نے شرکت کی۔ ناظم امتحانات عمران خان چشتی نے نتائج کا اعلان کیا۔ پری میڈیکل گروپ کے امتحانات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کا تناسب 52.78 جبکہ ہوم اکنامکس گروپ میں کامیاب امیدواروں کا تناسب 46.34 فیصد رہا۔

انٹر پری میڈیکل گروپ میں پی ای سی ایچ ایس کالج کی آسیہ خالد نے پہلی اور ماروا تنویر نے دوسری جب کہ سینٹ لارنس کالج کی رمشا عمران نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔

ہوم اکنامکس گروپ میں پہلی تینوں پوزیشنز رعنا لیاقت علی خان گورنمنٹ کالج نےحاصل کیں۔ ہوم اکنامکس میں پہلی پوزیشن نورالعین انور، دوسری حبا مسعود اورایمن ندیم جب کہ تیسری پوزیشن فاطمہ اکرام زبیری نے حاصل کی۔

تقریب میں پری میڈیکل اور ہوم اکنامکس گروپ میں پوزیشن ہولڈرز کو گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی جانب سے گولڈ میڈل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

نتائج کی خاص بات یہ ہے کہ غربت اورمشکل حالات بھی بچیوں کو کامیابی سے نہ روک سکے ۔ پری میڈیکل میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی آسیہ خالد کے والد کی پان کی دکان ہے جب کہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی رمشا عمران کے والد فرنیچر پالش کا کام کرتے ہیں۔

مقبول خبریں