500 کلو وزنی خاتون 25 سالوں سے چلنے پھرنے سے قاصر

ایمان کے وزن میں خطرناک حد تک اضافے کی وجہ ہارمونز میں بڑے پیمانے پر بگاڑ ہے،بہن ایمان


ویب ڈیسک October 13, 2016
موٹاپے کی وجہ سے ایمان کا ذہنی توازن بھی بری طرح متاثر ہو چکا ہے، بہن ایمان۔ فوٹو: العربیہ

موٹاپا انسان کو ان گنت بیماریوں میں مبتلا کرنے کا باعث بنتا ہے اور بعض اوقات وزن زیادہ ہونے کے باعث انسان چلنے پھرنے سے بھی قاصر ہو جاتا ہے اور ایسا ہی معاملہ ہے مصر کی 36 سالہ ایمان احمد کے ساتھ جو اپنے آدھے ٹن وزن کی وجہ سے گزشتہ 25 سال سے گھر میں قید ہو کر رہ گئی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایمان کی بہن شيما احمد عبدالعاطی نے کا کہنا ہے کہ ایمان بچپن سے ہی موٹاپے کا شکار ہے، پیدائش کے وقت اس کا وزن 5 کلو گرام تھا جس میں وقت کے ساتھ تیزی سے اضافہ ہوتا چلا گیا۔ شیما نے بتایا کہ ایمان کا متعدد ڈاکٹروں کو معائنہ کرایا جا چکا ہے جن کا کہنا ہے کہ ان کی بہن کے وزن میں خطرناک حد تک اضافے کی وجہ ہارمونز میں بڑے پیمانے پر بگاڑ ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: موٹاپے کے دماغ پر اثرات زیادہ پڑتے ہیں، تحقیق

شیما کا کہنا ہے کہ ہارمونز میں خرابی کی وجہ سے ایمان کا دماغ بھی بری طرح متاثر ہوا جب کہ ایمان کے معدے کو چھوٹا کرنے کے کئی آپریشن بھی کرائے گئے تاہم ان کا کوئی فائدہ نہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ بچپن میں ایمان اپنے پاؤں پر چلتی تھی لیکن 11 برس کی عمر میں وزن کی زیادتی کے سبب اس نے گھٹنوں کے بل چلتا شروع کردیا اور وہ گھر سے باہر جانے کے قابل نہ رہی اور موٹاپے کے باعث ایمان تعلیم بھی حاصل نہ کر سکی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: موٹاپے سے بچنا ہے تو خوب پانی پیئیں

ایمان کا وزن اس وقت 500 کلو گرام تک پہنچ چکا ہے جب کہ ان کی بہن کا کہنا ہے کہ وزارت صحت نے ایمان کے علاج میں معاونت سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں اس کا علاج موجود نہیں ہے۔

مقبول خبریں