سینیٹ:بزرگ شہریوں کیلیے شیلٹرہومز بنانیکی قرارداد منظور

نمائندہ ایکسپریس  منگل 18 دسمبر 2012
ماہانہ وظیفہ دیاجائے، اولادبھی خیال رکھے،ارکان،لاوارث بچوں کی قراردادغورکیلیے مؤخر ، فوٹو : فائل

ماہانہ وظیفہ دیاجائے، اولادبھی خیال رکھے،ارکان،لاوارث بچوں کی قراردادغورکیلیے مؤخر ، فوٹو : فائل

اسلام آ باد: سینیٹ میں بزرگ شہریوں کے لیے ملک بھر میں شیلٹر ہومزکے قیام کی قرارداد متفقہ طور پرمنظورکرلی گئی۔

پیرکے روز اجلاس چیئرمین نیئر حسین بخاری کی صدارت میں ہوا۔ سینیٹرکریم خواجہ نے قراردادپیش کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کا فرض بنتا ہے کہ وہ بزرگ شہریوں کی دیکھ بھال کے لیے شیلٹر ہومز کا قیام عمل میں لائے تاکہ ان کی بہتر انداز میں دیکھ بھال کی جاسکے ۔ سینیٹرفرحت اللہ بابر نے کہاکہ بزرگ شہریوںکی دیکھ بھال کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پورے ملک میں پروگرام شروع کیا جائے۔

سینیٹرراجا ظفرالحق نے کہاکہ اولاد کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ اپنے والدین کی دیکھ بھال احسن انداز میں کریں۔ سینیٹر کاظم خان نے کہاکہ حکومت بزرگ شہریوں کو ماہانہ بنیادوں پر وظیفہ دے۔ سینیٹر الیاس بلور نے کہا کہ اگراولاد ذمے داری ادانہ کرے تو ریاست کو ذمے داری ادا کرنی چاہیے۔ قائد حزب اختلاف سینیٹراسحٰق ڈارنے کہاکہ بزرگ شہریوں کے لیے پبلک پرائیویوٹ پارٹنرشپ کے تحت فائونڈیشن بھی بنائی جاسکتی ہے۔

7

دوسری جانب لاوارث بچوں کے حوالے سے قرارداد مزید غور کے لیے مؤخر کردی گئی ۔ سینیٹرکریم احمدنے کہاکہ ملک میں لاوارث بچوںکا خیال نہ رکھا گیا تو یہ جرائم میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔ سینیٹر سحر کامران نے کہاکہ لاوارث بچوں کی کفالت ریاست کی ذمے داری ہے۔ بعدازاں اجلاس بدھ کی شام4 بچے تک ملتوی کر دیا گیا۔ قبل ازیں اے این پی کے ارکان نے گورنر پنجاب کے خلاف تحریک التوا ایجنڈے میں شامل نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا ۔ چیئرمین نے انہیں یقین دلایا کہ تحریک التوا کا جائزہ لیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔