پانی کے بلوں کی عدم ادائیگی، صنعتوں کے واٹر کنکشن منقطع

کراچی: کرچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے واجبات کی عدم ادائیگی پر لانڈھی اور کورنگی کے صنعتی یونٹس میں آپریشن کا آغاز کردیا۔

شعبہ ریونیو اور انجینئرنگ کی مشترکہ ٹیموں نے لانڈھی،کورنگی میں 10بڑے نادہندہ یونٹس کے واٹر کنکشن منقطع کر دیے ان علاقوں کے 45 صنعتی یونٹس پر واٹر بورڈ کی47کروڑ روپے سے زائد رقم واجب الادا ہے، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکڑ مصباح الدین فرید کی ہدایت پر واٹر بورڈ نے آخری آپشن کے طور پر نا دہندہ صنعتی صارفین کے واٹر کنکشن منقطع کرنے کی مہم کا آغاز کردیا ہے۔

منگل کے روز ڈائر یکٹر ریونیو انڈسٹریل II لانڈھی ، کورنگی ذوالفقار علی بروہی کی سربراہی میں واٹر بورڈ نے رشید آئرن کورنگی ، ایم عثمان نیشنل کورنگی، فاروق آئل کورنگی ، پیرا مائونٹ آئل کورنگی ، میٹرو پولیٹن اسٹیل لانڈھی ، ٹرسٹ سر امکس لانڈھی ، خواجہ آٹوز لانڈھی ، پریمیئر ایکسٹرا لیشن لانڈھی، بخارا پیلس لانڈھی اور اورینٹ کارپیٹ لانڈھی کے واٹر کنکشن منقطع کر دیے، کاروائی سے قبل واٹر بورڈ نے صنعت کاروں کی نمائندہ تنظیم کاٹی اور لاٹی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا تھا اور تمام نا دہندگا ن کو حتمی نوٹس بھی جاری کیے گئے تھے۔

دریں اثنا شعبہ ریونیو نے کاٹی اور لاٹی کے عہدے داروں کے نام ایک مراسلے میں کہا ہے کہ لانڈھی کے 45 صنعتی صارفین کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو ادائیگی نہیں کر رہے جب کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈشہر کے صنعتی زونز کو باقاعدگی سے فراہمی و نکاسی آب کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔