لطیف کھوسہ نے استعفیٰ بھجوا دیا، احمد محمود لاہور پہنچ گئے

کھوسہ سے فاروق نائیک کی ملاقات، صدرکے فیصلے سے آگاہ کیا،لبیک کہتا ہوں، گورنر پنجاب۔ فوٹو: فائل

کھوسہ سے فاروق نائیک کی ملاقات، صدرکے فیصلے سے آگاہ کیا،لبیک کہتا ہوں، گورنر پنجاب۔ فوٹو: فائل

لاہور / رحیم یار خان: گورنر پنجاب سردار لطیف خان کھوسہ نے اپنا استعفیٰ صدر آصف علی زرداری کو بجھوا دیا۔

ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے سردار لطیف کھوسہ کو آج الوداعی ملاقات کیلئے کراچی طلب کر لیا ہے۔ صدر اور گورنر کے درمیان ملاقات میں پنجاب کی صورتحال اور گورنر کی تبدیلی کے معاملے پر بات چیت ہو گی۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز گور نر پنجاب سردار لطیف کھوسہ سے وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے گورنر ہائوس میں ملاقات کرکے ان کو پنجاب میں گورنر کی تبدیلی کے صدر آصف زرداری کے فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق فاروق نائیک نے لطیف کھوسہ سے کہا وہ دل برداشتہ نہ ہوں صدر زرداری نے انہیں وفاق میں اہم ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق لطیف کھوسہ نے ملاقات کے دوران نائیک پر واضح کیا کہ مخدوم احمد محمود جنوبی پنجاب میں ان سے زیادہ پارٹی کیلئے فائدہ مند ثابت نہیں ہوسکتے تاہم کھوسہ نے یقین دلایا کہ وہ صدر زرداری کے فیصلے کی مکمل پابندی کرینگے۔ علاوہ ازیں کرسمس کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ میری وفاداریاں پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں اوراسے ہمیشہ نبھاتا رہوں گا،گورنر رہوں نہ رہوں فرق نہیں پڑتا، قیادت کے فیصلے پر لبیک کہتا ہوں۔

07

دریں مخدوم احمد محمود فنکشنل لیگ کی صوبائی صدارت اور بنیادی رکنیت سے مستعفی ہوگئے ہیں اور امکان ہے کہ وہ آج ہفتہ یا اتوارکو گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جس کیلیے وہ ساتھیوں سمیت رحیم یار خان سے لاہور پہنچ گئے ہیں، مخدوم احمد محمود نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئندہ الیکشن میں جنوبی پنجاب سے کلین سویپ کرے گی ، میں غیر مشروط طو پر پیپلز پارٹی کے ساتھ آیا ہوں پیپلزپارٹی نے بھی کوئی شرائط نہیں رکھیں، انھوں نے اپنا استعفیٰ جمعرات کو پیر پگاڑا صبغت اللہ شاہ راشدی سے کنگری ہائوس میں ملاقات کر کے پیش کیا تھا۔

علاوہ ازیں مخدوم احمد محمود کے گورنر بنائے جانے پر آباد پور‘ شاہ پور‘ راجن پور کلاں میں بھنگڑے کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں تقسیم کیں ۔علاوہ ازیں صدر آصف علی زرداری سے گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ آج صدارتی کیمپ آفس بلاول ہائوس کراچی میں ملاقات کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔