ووٹرزلسٹوں کی نظرثانی کیلیے عملے کی تقرری کا آغاز

محکمہ تعلیم نے دیگر دستیاب عملے کی فہرستیں الیکشن کمیشن کے حوالے کردیں


Staff Reporter December 26, 2012
یکم جنوری سے عملے کی تربیت کا آغاز کردیا جائیگا جس میں وہ علاقوں کے سروے کا کام بھی کریں گے. فوٹو: فائل

ISLAMABAD: صوبائی الیکشن کمیشن نے کراچی میں ووٹرزلسٹوں کی نظرثانی کیلیے عملے کی تقرری کا آغاز کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں گھر گھر ووٹرز لسٹوں کی تصدیق کے کام کو عملی جامہ پہنانے کیلیے صوبائی الیکشن کمیشن کا عملہ تعطیلات والے دنوں میں بھی دفتری امور انجام دے رہا ہے، الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کیلیے صوبائی محکمہ تعلیم کی معاونت حاصل کی ہے، متعلقہ محکمہ نے اساتذہ اور دیگر دستیاب عملے کی فہرستیں الیکشن کمیشن کے حوالے کردی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے ان فہرستوں کا بغور جائزہ لیکر عملے کو تقرر نامہ جاری کرنا شروع کردیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ رواں ہفتے قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت، بے نظیر بھٹو کی یوم شہادت اور ہفتہ واتوار کی چھٹیوں کے باعث صوبائی ادارے بند رہیں گے جس کے باعث الیکشن کمیشن کو انتخابی عملے کے تقررنامے جاری کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے تاہم 31دسمبر تک اس مرحلے کو ہر قیمت پر مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی، انتخابی فہرستوںکے فارم ، عملے کی تربیت کیلیے کتابچہ اور دیگر اسٹیشنری ومواد الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر اسلام آباد سے مہیا کیے جائیں گے۔

07

یکم جنوری سے عملے کی تربیت کا آغاز کردیا جائیگا جس میں وہ علاقوں کے سروے کا کام بھی کریں گے، 5 جنوری سے باضابطہ طور پر گھر گھر جاکر ووٹرز لسٹوں کی تصدیق کا عمل شروع کردیا جائیگا، الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق نادرا کی جانب سے متعلقہ افسران کو ووٹرز لسٹیں 30 دسمبر کو جاری کردی جائیں گی، 5جنوری سے الیکشن کمیشن کی ٹیمیں گھر گھر جاکر ووٹرز کی تصدیق شروع کردیں گی، ان ٹیموں کی نگرانی فوج اور ایف سی کے اہلکار کریں گے، یہ مرحلہ 22جنوری تک مکمل کرلیا جائیگا اور 24فروری تک حتمی انتخابی فہرستیں مرتب کرلی جائیں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ بدھ کو اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوگا جس میں صوبائی الیکشن کمشنرز ، چیف سیکریٹریز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے، اجلاس میں دیگر امور کے ساتھ ساتھ کراچی میں انتخابی فہرستوں کی نظرثانی پر بھی بات چیت ہوگی اور اس مہم میں فوج اور ایف سی کی شمولیت کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔

مقبول خبریں