کیڈٹ کالج کے طالب علم احمد کے علاج کے لیے رقم جاری

ویب ڈیسک  منگل 17 جنوری 2017
احمد کے والد نے سندھ حکومت سے علاج میں مزید تاخیر نہ کرنےکی اپیل کی ہے۔ فوٹو : فائل

احمد کے والد نے سندھ حکومت سے علاج میں مزید تاخیر نہ کرنےکی اپیل کی ہے۔ فوٹو : فائل

 کراچی: لاڑکانہ کیڈٹ کالج میں تشدد سے معذور ہونے والے طالب علم احمد کےعلاج کے لیے سندھ حکومت نے فنڈزجاری کر دیے جس کے لیے ڈھائی لاکھ ڈالر سے زائد کی رقم امریکی اسپتال کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفرکردی گئی ہیں۔

لاڑکانہ کیڈٹ کالج میں گزشتہ دنوں تشدد کے شکار ہونے والے طالب علم احمد کے علاج کے لیے سندھ حکومت نے امداد کی پہلی قسط جاری کردی ہے، ایکسپریس نیوز نے رقم امریکی اسپتال کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرنے کی رسید حاصل کر لی جس کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے 2 لاکھ 73 ہزار 848 ڈالر کی رقم امریکا کے سنسناٹی اسپتال کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی ہے جو پاکستانی روپوں میں تقریبا پونے تین کروڑ روپے بنتی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : کیڈٹ کالج کے طالبِ علم کی امریکا میں علاج کی منظوری 

احمد کے علاج کے لیے 5 کروڑ روپے اخراجات میں پونے تین کروڑ ادا ہونے پر احمد کے اہل خانہ بھی خوش ہیں اور انہیں اب امید ہے کہ ان کے لخت جگر کا علاج جلد ہوسکے گا اوران کا بیٹا پہلے کی طرح چل پھر سکے گا ،مگر ساتھ ہی احمد کے والد نے سندھ حکومت سے علاج میں مزید تاخیر نہ کرنےکی اپیل کی ہے کیونکہ دوسری صورت میں ویزے کی مدت ختم ہوسکتی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : طالبِ علم کےعلاج کیلئے 5 کروڑ روپے کی منظوری

واضح رہے کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے 14 سالہ طالب علم محمد احمد کو استاد نے تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث طالب علم کی گردن کی ہڈی ٹوٹ گئی اور وہ ذہنی صلاحیت سے بھی محروم ہوگیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔