پرانی گیند پر رنز کا حصول آسان نہیں رہا تھا مصباح الحق

گیند پرانی ہوجانے پر ہمارے لیے اس وکٹ پر رنز بنانا مشکل ہوگیا تھا، مصباح الحق


Sports Desk January 07, 2013
تیسرے ون ڈے میں بھارتی ٹیم نے بہت عمدہ بولنگ کی،مصباح الحق۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR: پاکستانی کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ بھارت نے تیسرے ون ڈے میں بہت عمدہ بولنگ اور فیلڈنگ کی۔

گیند پرانی ہوجانے پر ہمارے لیے اس وکٹ پر رنز بنانا مشکل ہوگیا تھا، سیریز کے ہیرو قرار پانے والے ناصر جمشید نے کہا کہ کرائوڈ بہت اچھا رہا اور سیریز بھی شاندار انداز میں اختتام کو پہنچی، دھونی نے بھی بولرز اور فیلڈرز کی ستائش کی۔ تفصیلات کے مطابق سیریز کے تیسرے ون ڈے کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی قائد مصباح الحق نے کہاکہ بھارتی ٹیم نے بہت عمدہ بولنگ کی، ان کی فیلڈنگ بھی نہایت غیرمعمولی تھی، ہم نے نئی گیند پر اسکور کرنے کی کوشش کی لیکن گیند پرانی ہوجانے کے بعد ہمارے لیے رنز بنانا مشکل ہوگیا تھا۔

سیریز کا مثبت پہلو ہمارے لیے فاسٹ بولرز اور ناصرجمشید رہا، سیریز میں مقابلے کانٹے دار ہوئے اور آج کا میچ بھی خاصا ٹف تھا۔ناصر جمشید دو سنچریاں داغنے پر سیریز کے ہیرو قرار پائے، انھوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگرچہ ہماری اننگز کا آغاز آج اچھا نہ رہا ، بدقسمتی سے آج میں اننگز کے آخر تک وکٹ پر موجود نہ رہ سکا، اس وکٹ پر دوسری اننگز میں اسکور کرنا آسان نہیں تھا، کرائوڈ بہت اچھا رہا اور سیریز بھی شاندار رہی۔



بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا اس حقیقت کا اعتراف تھا کہ فیروز شاہ کوٹلہ پر 167رنز اچھا اسکور نہ تھا لیکن میں نے ٹیم کو باور کرایا تھا مختصر ٹوٹل کے باوجود ہمیں ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے، ہمارے اسپنرز نے عمدگی سے ذمہ داری نبھائی، تاہم اس مقابلے کے ہیروز ہمارے فیلڈرز بنے، بھونیشور نے عمدہ شروعات کیں ، اس کے بعد ایشانت نے ذمہ داری سے بولنگ کی، اسی طرح جڈیجا اور ایشون نے بھی دونوں اینڈز سے پاکستانی بیٹسمینوں کو باندھے رکھا، انھوں نے مزید کہا کہ ہمارے لیے یہ بہت اہم ہے کہ ہمارے پلیئرز ہر میچ کے ساتھ سیکھ رہے ہیں، ہماری بولنگ لائن اس سیریز کا مثبت پہلو رہی، ہم بطور یونٹ اس مقابلے میں اچھی بولنگ پیش کی۔دھونی کو مین آف دی میچ قرار دیاگیا۔

مقبول خبریں