پنجاب میں بارش اورآندھی کے باعث مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  اتوار 11 جون 2017

بہاولنگر: پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش اور تیز آندھی کے باعث مختلف حادثات میں خاتون سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پنجاب کے مخلتف شہروں میں ہونے والی بارشوں، ژالہ باری اور تیز آندھی نے کئی درخت اور بجلی کے کھمبے اکھاڑ دیئے۔ بہاولنگر میں چلنے والی آندھی کے دوران حادثات میں 4 افراد جاں بحق اور100 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ہارون آباد میں 2 افراد اور ایک شخص چشتیاں میں جاں بحق ہوا۔ فیصل آباد میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے خاتون ملبے تلے دب کر دم توڑ گئی، وہاڑی میں بھی تیز آندھی  نے ایک  شخص کی جان لے لی جبکہ 7 افراد زخمی بھی ہوئے اور ملتان میں بھی مسجد کی چھت گرنے سے 7 بچے زخمی ہو گئے۔

اس خبرکو بھی پڑھیں: پنجاب میں متعدد شہروں میں طوفانی بارشیں، 8 افراد جاں بحق

دوسری جانب بھکر کی تحصیل منکیرہ میں ریت اور مٹی کے طوفان سے یک دم اندھیراچھا گیا، پہلے آندھی چلی اور پھر فضا میں ہر طرف مٹی چھا گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے آسمان پر گرد وغبارکی دیوار تن گئی۔ طوفان کا دورانیہ 40 منٹ تک جاری رہا جس کے دوران ہرطرف اندھیرا چھایا رہا، طوفان کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور عوام کلمہ طیمہ کا ورد کرتے رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔