انڈر21 ہاکی آرمی کیخلاف ارسلان کی ہیٹ ٹرک

سوئی سدرن 6-1 سے کامیاب، واپڈا اور پی آئی اے نے بھی اپنے میچز جیت لیے۔


Sports Reporter February 03, 2013
سوئی سدرن 6-1 سے کامیاب، واپڈا اور پی آئی اے نے بھی اپنے میچز جیت لیے۔ فوٹو : فائل

قومی انڈر21 ہاکی چیمپئن شپ میں واپڈا نے ایچ ای سی کو5 گول سے مات دے دی۔

سوئی سدرن گیس نے آرمی کے خلاف6-1 سے کامیابی حاصل کی،ارسلان شیرازی نے ہیٹ ٹرک بنائی، پی آئی اے نے سخت مقابلے کے بعد کسٹمز کو ایک گول سے زیر کیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق فیصل آباد اسٹیڈیم میں جاری ایونٹ میں واپڈاکی جانب سے علیم بلال نے10 ویں اور محمد سلیم نے11ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو 2-0 کی برتری دلادی۔

وسیم عباس نے دوگول کھیل کے 36 اور50 ویں منٹ میں داغے، میچ کا آخری گول عدنان نے59 ویں منٹ میں کیا۔ دوسرے میچ میں سوئی سدرن گیس کمپنی نے آرمی کو6-1 سے ہرایا،ارسلان شیرازی نے ہیٹ ٹرک کی ، سہیل، قیوم اور عدنان دیگر گول اسکورر تھے، آرمی کی جانب سے واحد گول محمد یاسر نے کیا۔ پی آئی اے نے کسٹمز کو انتہائی سخت مقابلے کے بعد ایک گول سے مات دی،آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے دفاعی انداز اپنایا تاہم دوسرے ہاف کے دوران کھیل میں تیزی آگئی۔



اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پی آئی اے کے اویس الرحمان نے خوبصورت گول داغ کر ٹیم کو برتری دلا دی جو اختتام تک برقرار رہی۔ ایونٹ میں اتوار کو آرام کا دن ہے۔ اب تک کھیلے گئے میچز میں نیشنل بینک، سوئی گیس ، پی آئی اے اور واپڈاکی ٹیمیں اپنے گروپس میں ٹاپ پر ہیں، گروپ اے میں نیشنل بینک کے دو میچز میں 6 پوائنٹس ہیں، پنجاب کلر نے اتنے ہی میچز کھیل کر 3 پوائنٹس حاصل کیے ہیں، پاک بورڈز کی ٹیم نے کوئی پوائنٹ نہیں لیا۔ گروپ بی میں سوئی گیس 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست جبکہ آرمی دوسرے اور سندھ آخری نمبر پر ہے۔

گروپ سی میں پی آئی اے کو 3 میچز کے بعد 9 پوائنٹس کے ساتھ برتری حاصل ہے، کسٹمز 6 پوائنٹس دوسرے، کے پی کے 3 پوائنٹس تیسرے نمبر پر ہے،اسلام آباد نے کوئی پوائنٹ حاصل نہیںکیا۔ گروپ ڈی میں واپڈا نے سب کو پچھاڑتے ہوئے پہلی پوزیشن پر قبضہ جما رکھا ہے، پنجاب وائٹس 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسری بہترین ٹیم ہے،ایچ ای سی نے3 پوائنٹس اپنے نام کیے اور اس کا تیسرا نمبر ہے، بلوچستان نے تین میں سے کوئی مقابلہ نہیں جیتااور گروپ ڈی میں اس کاآخری نمبر ہے۔

مقبول خبریں