’’رنگریزا‘‘ کا گیت ’’پھول کھل جائیں‘‘ سوشل میڈیا پر مقبول

شوبز رپورٹر  ہفتہ 15 جولائی 2017
عابدہ پروین اور اسرار کی آوازوں میں گیت کو10لاکھ سے زائد لوگوں نے دیکھ لیا۔ فوٹو : فائل

عابدہ پروین اور اسرار کی آوازوں میں گیت کو10لاکھ سے زائد لوگوں نے دیکھ لیا۔ فوٹو : فائل

 کراچی: عامر محی الدین کی ہدایات میں بننے والی فلم’’رنگریزا‘‘ کا گیت ’’پھول کھل جائیں‘‘ سوشل میڈیا پر مقبول ہوگیا، گیت سے اب تک ایک ملین لوگ محظوظ ہوئے ہیں۔

’’پھول کھل جائیں‘‘ فلم ’’رنگریزا‘‘ کا ریلیز ہونے والا پہلا گیت ہے، جو کہ عابدہ پروین اور اسرار کا مشترکہ کلام ہے، اس کلام کی شاعری اسرار نے تحریر کی ہے جب کہ اس کی موسیقی جے علی نے ترتیب دی ہے۔

فلم ’’ رنگریزا‘‘موسیقی کے موضوع پر مبنی ہے جس کی کہانی جدید اور کلاسیکی موسیقی کے گرد گھومتی ہے، فلم میں کراچی میں مقیم قوال گھرانے کی کہانی قابل غور ہے جو عہد حاضر میں بھی اپنی روایات سے جڑے ہوئے ہیں۔اس میں پاپ موسیقی سے تعلق رکھنے والے ایک بینڈ کی کہانی بھی شامل ہے۔

فلم کی ہدایات نوجوان ہدایت کار عامر محی الدین نے دی ہیں جب کہ کہانی اختر قیوم نے لکھی ہے۔ فلم میں پاکستانی ڈراموں کے منجھے اور ابھرتے ہوئے ستارے شامل ہیں جن میں تنویر جمال، اکبرسبحانی، سلیم معراج، عمران پیرزادہ، شاہد نقوی، صبا فیصل، سیمی پاشا، بلال اشرف، گوہر رشید، عروہ حسین اور دیگر شامل ہیں۔

یاد رہے کہ فلم رنگریزا 21 دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔فلم کے ہدایت کار عامر محی الدین کا کہنا ہے کہ اس فلم کو نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ عالمی سطح پر ریلیز کی تیاری کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔