گال ٹیسٹ کیلیے سری لنکن ٹیم میں خفیہ ہتھیار شامل

لکشن سنداکن کی جگہ پشپاکمارا کو مل گئی، دھنن جایا ڈی سلوار اور نوان پردیپ کی واپسی


Sports Desk July 24, 2017
لکشن سنداکن کی جگہ پشپاکمارا کو مل گئی، دھنن جایا ڈی سلوار اور نوان پردیپ کی واپسی۔ فوٹو: فائل

سری لنکا نے بھارت کے شکار کیلیے ایک خفیہ ہتھیار ٹیم میں شامل کرلیا، گال ٹیسٹ اسکواڈ میں لکشن سنداکن کی جگہ ملندا پشپا کمارا کو دے دی گئی۔

سری لنکا نے بھارت کے خلاف بدھ سے گال میں شیڈول پہلے ٹیسٹ کیلیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، جس میں بیٹنگ آل راؤنڈر دھنن جایا ڈی سلوا، لیفٹ آرم اسپنر ملندا پشپا کمارا اور سیمر نوان پردیپ بھی شامل ہیں۔

ڈی سلوا کو زمبابوے کے خلاف واحد ٹیسٹ کے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا اب وہ 15 رکنی اسکواڈ میں دنیش چندیمل کی جگہ لیں گے جوکہ ٹیسٹ کپتان بننے کے بعد پہلے میچ میں ٹیم کو فتح دلاکر خود نمونیے کا شکار ہوگئے ہیں، اس لیے بھارت سے پہلے میچ میں قیادت کے فرائض رنگانا ہیراتھ انجام دیں گے، اگرچہ ڈی سلوا بھارت کے خلاف دو روزہ وارم اپ میچ میں ڈک کا شکار ہوئے تھے تاہم ان کی گذشتہ برس ٹیسٹ کرکٹ میں پرفارمنس کافی اچھی رہی تھی اسی لیے ان کی دوبارہ طلبی ہوئی ہے۔

ادھر نوان پردیپ کیلیے دشمانتھا چمیرا کو جگہ خالی کرنا پڑی ہے جبکہ پشپاکمارا کو لیفٹ آرم رسٹ اسپنر لکشن سنداکن کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اگرچہ پشپا کمارا کی عمر 30 برس ہوچکی مگر ابھی تک انٹرنیشنل کرکٹ میں انٹری نہیں دے سکے ہیں البتہ فرسٹ کلاس لیول پر ان کی پرفارمنس کافی متاثر کن رہی ہے انھوں نے 19.85 کی اوسط سے 558 وکٹیں لی ہیں جبکہ وہ پریمیئر لیگ ٹورنامنٹ میں باقاعدگی سے ٹاپ تین پوزیشنز میں شامل رہے ہیں، حالیہ سیزن میں پشپاکمارا نے 13.79 کی اسط سے 77 وکٹیں لیں جوکہ دوسرے ٹاپ بولر سے 20 وکٹیں زائد ہیں۔

واضح رہے کہ منتخب اسکواڈ میں کپتان رنگانا ہیراتھ، اپل تھارنگا، ڈیمورتھ کرونا رتنے، کوشل مینڈس، انجیلو میتھیوز، اسیلا گونارتنے، نروشن ڈیکویلا، دھنن جایا ڈی سلوا، دنوشکا گوناتھلاکا، دلروان پریرا، سورنگا لکمل، لاہیرو کمارا، وشوا فرنانڈو، مالندا پشپا کمارا اور نوان پردیپ شامل ہیں۔

 

مقبول خبریں